راولپنڈی (آئی این پی) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس عبدالسمیع خان اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سانحہ راولپنڈی میں زیرحراست گیارہ ملزمان کی ضمانت کی درخواست اور عدالتی منظوری کے باوجود ڈی سی او راولپنڈی کی جانب سے انہیں پندرہ روز کیلئے نظربندکیے جانے کے احکامات کو چیلنج کرنے پر ڈی سی او کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔ زیرحراست تنویر حسین شاہ وغیرہ 11 ملزمان نے درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ تھانہ گنج منڈی پولیس نے سانحہ راولپنڈی میں ملوث ہونے پر مقدمہ درج کیا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیرسماعت ہے جس میں عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا لیکن ڈی سی او راولپنڈی نے احکامات جاری کئے کہ ملزمان کو 16ایم پی او کے تحت 15دن تک نظر بندرکھا جائے۔