ایرانی سرحد کے قریب منشیات سمگلروں کی فائرنگ سے 2سکیورٹی اہلکار جاں بحق، ایک زخمی

کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان کے ایرانی سرحد سے ملحقہ علاقے ماشکیل میں سکیورٹی فورسز اور منشیات سمگلروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا‘ دونوں جانب سے بھاری اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ پیر کو ایک سکیورٹی آفیشل نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ماشکیل کے علاقے میں منشیات لے جانے والے ایک قافلے کو روکنے کی کوشش کی اس دوران دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حکام کی جانب سے منشیات سمگلروں کی تعداد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں مسلح سمگلر اپنی گاڑیوں میں فرار ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے سمگلرز کی تلاش کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سرچ آپریشن میں ایف سی، پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری شامل تھی جس نے واقعہ کے بعد علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔

ای پیپر دی نیشن