سازشی عناصر ہاکی کو پتھر کے زمانہ میں لے جانا چاہتے ہیں : آصف باجوہ

Apr 29, 2014

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کو جوائن کرنے والے اولمپئن سازش کے تحت آئے ہیں جن کے مقاصد قومی کھیل کو ترقی دینا نہیں بلکہ اسے دوبارہ پتھر کے زمانے میں لے جانا ہے، صدر پی ایچ ایف چوہدری اختر رسول اور سیکرٹری رانا مجاہد جتنی جلد ان افراد سے جان چھڑا لیں گے اتنا ان کا فائدہ ہوگا۔ ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ طاہر زمان کا قومی ٹیم کی کوچنگ سے باہر ہونا افسوس کا مقام ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپئن آصف باجوہ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ لوگ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ سیکرٹری رانا مجاہد کے خلاف بیان بازی کرتے رہے ہیں، اب ٹیم مینجمنٹ اور ایگزیکٹو بورڈ کا حصہ بننے کے بعد انہوں نے نئی سازشوں کا آغاز کر دیا۔ یہ لوگ پیٹھ پر وار کرینگے جس کے لیے اختر رسول اور رانا مجاہد کو باخبر رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آڈٹ ہو چکا ہے جس میں بعض افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی درخواست کی گئی ان میں دو افراد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کے بورڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ایسے افراد جو خود ٹھیک سے چل نہیں سکتے انہیں سینئر اور جونیئر ٹیمیں سونپ دی گئی ہیں۔ چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی نے پاکستان سپورٹس بورڈ سے اپنی اکیڈمی کے لئے دو کروڑ روپے کے فنڈز لئے انہیں حساب بھی دینا ہوگا۔ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈیفالٹرز سے پیسے واپس لینے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ اگر یہ گول پیسے نہ دیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزیدخبریں