پنجاب سوشل سکیورٹی میں 91 کنٹریکٹ افسروں کو ملازمت کے لالے پڑگئے

Apr 29, 2015

لاہور (فرخ سعید خواجہ) پنجاب سوشل سکیورٹی میں پچھلے سات آٹھ سال سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 43 سوشل سکیورٹی افسروں اور 48 آڈٹ اینڈ اکائونٹ افسروں کو ملازمت کے لالے پڑگئے ہیں۔ محکمہ کی طرف سے تمام کنٹریکٹ افسروں کی تعلیمی اسناد کی متعلقہ بورڈ/ یونیورسٹی سے باقاعدہ تصدیق کرائی جائے گی تاکہ جعلی اسناد کے حامل افراد کو فارغ کیا جاسکے۔ کیریکٹر اور فٹنس سرٹیفکیٹ کی تصدیق بھی کروائی جائے گی۔ ایسے افسروں جن کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور ان کے خلاف سنگین الزامات ثابت ہوچکے ہیں، کو فارغ کردیا جائے گا۔ تمام افسروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ نیز ان کی قابلیت کو جانچنے کے لئے ٹیسٹ/ انٹرویو بھی لئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت 43 سوشل سکیورٹی، 48 آڈٹ اور اکائونٹ افسر سات آٹھ سال سے کام کررہے ہیں اور مختلف اوقات میں ان کے کنٹریکٹ کی میعاد میں توسیع کی جاتی رہی ہے۔ محکمہ کے ذمہ دار افسروں کے مطابق کچھ افسروں کی تعلیمی اسناد اور ان کے کردار، چال چلن کے بارے میں متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ادارہ چونکہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنا چاہتا ہے لہٰذا مناسب وقت ہے کہ صاف ستھرے اور قابل، محنتی افسروں کو مستقل تعیناتی کے لئے چنا جائے۔

مزیدخبریں