کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے افغانستان سے چمن کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے والے ایک اور افغان انٹیلی جنس افسر کو گرفتار کر لیا۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے مشکوک شخص کو افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے پر گرفتار کیا۔ تفتیش میں اس نے انکشاف کیا کہ وہ دراصل افغان فوج کے انٹیلی جنس یونٹ میں سیکنڈ لیفٹیننٹ ہے۔ مذکورہ شخص کے پاس پاکستان میں داخل ہونے کیلئے سرکاری دستاویزات موجود نہیں تھی جسے ایف آئی اے نے گرفتار کرنے کے بعد وزیر داخلہ کی ہدایت پر حساس اداروں کے حوالے کر دیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افغان فوجی افسر کی شناخت روزی خان کے نام سے ہوئی ہے جسے نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ فورسز نے چمن ہی کے علاقے سے افغان انٹیلی جنس ادارے (این ڈی ایس) کے ایک جاسوس کو بھی گرفتار کیا تھا اور بلوچستان سے ہی بھارت کے حاضر سروس نیول افسر کل بھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔