مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے پاس اربوں ہوں یا کھربوں سب عوام پر قربان کر دوں گا، دھرنوں کا نہیں خوشحالی کا ایجنڈا رکھتا ہوں، مخالفین سن لیں ترقی کی راہ میں حائل ہوئے تو عوام تمہیں اٹھا کر باہر پھینک دیں گے، ٹانگیں کھینچنے والوں کی 2018ء کے انتخابات میں عوام ٹانگیں کھینچ دیں گے۔ احتجاج کرنے والوں کو گفتگو کا سلیقہ تک نہیں آتا، نئے پاکستان کے نعرے کوئی لگاتا ہے بنا ہم رہے ہیں۔ عوام کی خوشی کے منصوبے کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے، پاکستان معاشی ٹیک آف کی پوزیشن پر آگیا، مخالفین سوچ سمجھ کر قدم اٹھائیں، نعرے بازوں کی فکر نہیں، عوام ان سے خود نمٹیں گے۔ کمشن کے ٹی او آرز پر تمام جماعتوں سے تجاویز لیں لیکن کوئی معقول تجویز نہیں آئی۔ مانسہرہ میں ہزارہ یونیورسٹی کی گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام محاذ آرائی کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں اس لئے مخالفین سوچھ سمجھ کر قدم اٹھائیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نعرے بازی نہیں عملی اقدامات کر رہی ہے، نیشنل ہائی وے کو ایبٹ آباد سے فوارہ چوک تک سروس روڈ بنایا جائے گا۔ عوام میں آکر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ عوام کا جوش و جذبہ اور امید بھرے چہرے میرے لئے حوصلہ افزا ہیں، میں جلسوں کی مہم پر نہیں ترقی کے سفر پر نکلا ہوں۔ مانسہرہ میں تاریخی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے، ہمارا ایجنڈا دھرنوں کا نہیں بیروزگاری کے خاتمے اور ترقی کا ہے، پورے ملک کی ترقی کا ایجنڈا رکھتے ہیں، پاکستان کو دنیا کا بہترین ملک بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ ہزارہ میں بننے والی موٹر وے کی مجھے ذاتی طور پر خوشی ہے، ہزارہ موٹر وے کا معیار لاہور موٹر وے کے برابر ہے، حویلیاں تا تھاکوٹ موٹروے 6 رویہ ہو گی۔ خیبر پی کے میں تمام بڑے منصوبے مسلم لیگ ن نے شروع کئے۔ موٹروے بننے سے برہان سے شنکیاری کا 5 گھنٹے کا سفر ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہو گا، ہزارہ موٹروے سے تمام علاقے کو منسلک کیا جائے گا، برہان سے حویلیاں موٹر وے آئندہ سال مکمل ہو جائے گی۔ 1990ء سے خیبر پی کے میں تمام ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ ن کی حکومت نے بنائے، ہزارہ موٹر وے کا دوسرا سیکشن بھی 2018ء تک مکمل ہو جائے گا۔ پشاور سے اسلام آباد موٹر وے مسلم لیگ ن کی حکومت نے بنائی، بالا کوٹ سے بابو ٹاپ تک سڑک بھی مسلم لیگ ن نے ہی بنائی تھی۔ نیا پاکستان بنانے کے دعویدار بتائیں ملکی ترقی کون کر رہا ہے اور ملکی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کون ڈال رہا ہے۔ دو سال بعد پاکستان خوشحال ہو چکا ہو گا، پھر خوشحال پاکستان کے عوام خود 2018ء کے انتخابات میں ترقی کے مخالفین سے نمٹیں گے، نعرے بازوں کو عوام اچھے سے نمٹے گی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نعرے بازی پر نہیں ترقی پر یقین رکھتی ہے عوام جانتے ہیں کہ میں جس کام کا آغاز کروں اسے مکمل کر کے دم لیتا ہوں۔ ملکی ترقی میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے، قومی ترقی کی راہ میں حائل ہونے والوں کو عوام خود اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ہے، اگلے سال مزید کمی آئے گی۔ 2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ لاہور سے کراچی موٹر وے کا کام بھی جلد شروع ہونے والا ہے، موٹر وے بننے سے مانسہرہ سے کراچی تک سفر آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے جن کو ہم نے بوتل میں بند کر دیا ہے، ملک نے اقتصادی ترقی کے لئے پرواز شروع کر دی ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ ملک سے دہشت گردی ختم ہو رہی ہے، 4 ہزار میگاواٹ صلاحیت والا داسو ڈیم بھی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں ہماری حکومت نہیں پھر بھی منصوبے شروع کر رہے ہیں، ترقی کا سفر ملک بھر میں جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر پر نکلا ہوں، جلسے جلوسوں کی مہم پر نہیں، ہم دھرنوں نہیں پورے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔ پاکستان کو دنیا کی صف میں بہترین ملک بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، خوشحالی، امن اور پاکستان کی ترقی کا پیغام ہو گا، ہم زبانی نعرے نہیں لگاتے، حویلیاں سے شنکیاری تک موٹر وے 2018ء کے شروع میں مکمل ہو جائے گی، خیبر پی کے میں لگنے والے تمام بڑے منصوبے مسلم لیگ ن کی حکومت نے بنائے ہیں۔ نیا پاکستان کہاں بن رہا ہے کون بنا رہا ہے؟ مسلم لیگ ن کی حکومت نعرے بازی پر نہیں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، نعرے بازوں کو چھوڑیں، عوام خود نعرے بازوں سے نمٹیں گے۔ 2018ء میں لوڈشیڈنگ دفن ہو چکی ہو گی، میں صرف سنگ بنیاد نہیں رکھتا، منصوبے کو مکمل کراتا ہوں۔ ملکی ترقی میں آپ کو حائل نہیں ہونے دیں گے، عوام کی خوشحالی کا منصوبہ سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹانگیں کھینچے والے ترقی کی راہ میں حائل ہونگے تو عوام انہیں باہر پھینک دینگے، ہم دھرنوں کا نہیں بیروگاری کے خاتمے، ملکی ترقی اور عوام کی خدمت کا ایجنڈا رکھتے ہیں، خیبر پی کے میں تمام منصوبے ہم مکمل کر رہے ہیں، نیا پاکستان کدھر ہے؟ نعرے بازوں کو عوام برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں، ہمارے پانچ سال پورے ہونگے تو خوشحال پاکستان نظر آئیگا، لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہوگی، منصوبے اگلے دو سال میں مکمل ہو نگے تو سرخرو ہو کر اگلے الیکشن میں جائینگے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ڈرون حملوں کا خاتمہ اور سی پیک منصوبے کا آغاز نواز شریف کے بڑے کارنامے ہیں، حکومت 2018 تک لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دے گی، عمران خان کے نعرے اور دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، خیبر پی کے میں اپوزیشن کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، ہمارے ایم پی ایز کو جائز حق اور فنڈز نہیں دئیے جا رہے، وفاقی حکومت اپوزیشن ارکان کو مرکز سے فنڈز کا اجراء کرے۔ گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ ہم ملک کے عوام وزیراعظم نواز شریف کے محافظ بنے رہیں گے، مخالفین منفی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ محبوب قائد مانسہرہ آئے ہیں گورنر کا حلف اٹھانے کے بعد میرا بھی یہ مانسہرہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔
مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن بنایا جا رہا ہے۔ اس کے لئے ٹی او آرز بنائے ہیں جس میں سب کچھ شامل ہے۔ جوڈیشل کمشن کے ٹی او آرز پر اعتراض کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اب اس سلسلے میں مزید کیا بات کی جائے۔ کوئی معقول بات آئی تو دیکھ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو بات کرنی ہے‘ وہ تہذیب کے دائرے میں رہ کر کی جائے۔ ذاتیات پر حملے کرنے والوں سے کیا بات کی جا سکتی ہے۔ ہمارے خلاف باتیں کرنے والوں کی صفوں میں انتشار ہے۔ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد ہیلی پیڈ پر اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمشن کے ٹی او آرز کیلئے اپوزیشن سے تجاویز لی تھیں‘ لیکن کوئی معقول تجویز نہیں آئی۔ اپوزیشن کا لہجہ انتہائی نامناسب ہے۔ جو زبان صحیح استعمال نہیں کر سکتے‘ وہ ملکی ترقی کیلئے کیا کریں گے۔ سیاسی مخالفین کے قرضے معاف کرانے کی باتیں ہر زبان پر ہیں۔ ایک سوال پر وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں جو باتیں ہوئیں‘ وہ عوام کو بتا دی تھیں۔ میں نے ہمیشہ صبروتحمل اور اخلاق کے دائرہ میں رہ کر بات کی ہے۔ اپوزیشن نے نہ کبھی معقول بات کی ہے‘ نہ ان سے امید رکھی جا سکتی ہے۔ ہم عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں، خدمت جاری رکھیں گے۔ پانامہ لیکس کے حوالے سے جھوٹی افواہیں پھیلانے والے اپنے آپ پر لگنے والے الزامات کا جواب دیں۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا‘ وفاقی وزیر سردار یوسف‘ پیر صابر شاہ اور دیگر رہنمائوں نے وزیراعظم کو اسلام آباد کیلئے رخصت کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین اپنے ذاتی مفاد کیلئے ملکی خوشحالی کے درپے ہیں۔ سیاسی مخالفین کی پروا کئے بغیر عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔ حکومت اپنے ترقیاتی پروگراموں اور اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ چاہتے ہیں کہ عوام ملکی ترقی میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا سکیں۔ وہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا اور رانا محمد حیات خان سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ قومی اسمبلی کے ارکان نے ملک میں جاری ترقیاتی کاموں پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے حلقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر حلقوں کے سیاسی مسائل پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ ارکان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ امن و امان کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے اپنی مثال آپ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کاوشیں عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہیں۔ سیاسی مخالفین ملک کو ترقی کی راہ سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ سیاسی مخالفین اپنے مفاد کیلئے ملکی خوشحالی کے درپے ہیں۔ سیاسی مخالفین کی پروا کئے بغیر عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔ حکومت اپنے ترقیاتی پروگراموں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیراہے۔ چاہتے ہیں کہ عوام ملکی ترقی میں اپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لا سکیں۔ وزیراعظم نوازشریف 6 مئی کو سکھر‘ 14 مئی کو ڈیرہ اسماعیل خان اور 17 مئی کو لاہور‘ ملتان موٹروے کا افتتاح کریں گے جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزراعظم کا آج اوکاڑہ کا دورہ ملتوی کر دیاگیا۔ یہ بات چیئرمین این ایچ اے اشرف تارڑ نے بتائی۔ اوکاڑہ سے رکن قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ اوکاڑہ ملتوی ہو گیا ہے۔ نئے دورہ کا جلد فیصلہ ہوگا۔