مکرمی! قیام پاکستان سے لیکر تادم تحریر وطن عزیز میں ہر وقت کوئی نہ کوئی بحران کسی نہ کسی شکل میں موجود رہا ہے۔ وطن عزیز گزشتہ کئی برسوں سے توانائی، بجلی، پانی اور سوئی گیس کی شدید کمی کے بحران کا شکار ہے۔ یہ بحران دن بدن شدت اختیار کرتا جا رہ ہے۔ توانائی کے اس شدید بحران کے خاتمہ یا کم ہونے کہ کوئی آثار نظر نہیں آ رہے جو کہ ایک خطرناک اور تشویش ناک صورت حال ہے توانائی کے اس شدید بحران کی وجہ سے وطن عزیز دن بدن اندھیروں میں ڈوبتا جا رہا ہے۔ بجلی، پانی، سوئی گیس کے اس شدید بحران کی وجہ سے جہاں عام لوگ مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں وہاں ملکی معیشت اور صنعتیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ کئی فیکٹریاں، کارخانے اور چھوٹے بڑے ہر قسم کے صنعتی یونٹ بجلی اور سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں۔ ان صنعتی اداروں کے بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں افراد مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں۔ توانائی کے اس شدید بحران کو دور کرنے کیلئے موثر جامع اور مناسب اقدامات کئے جائیں نئے ڈیم بنائے جائیں اور غیر فعال پاور ہائوسز کو فوری طور پر اور ہنگامی بنیادوں پر فعال کیا جائے بیروزگار افراد کو فوری طور پر روزگار مہیا کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ ملک کی معیشت مستحکم اور مضبوط ہو گی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ (شہزاد احمد شیخ، لاہور)