لاہور(لیڈی رپورٹر) : چیئرمین سنٹر فار انٹرنیشنل ریلیشنز اٹلی پروفیسر ڈاکٹر اینڈریا مار گیلیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کا نیشنل ایکشن پلان صرف قومی ہی نہیں بلکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی ایکشن پلان کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ”ڈو مور“ سے ذیادہ اقدامات کر رہا ہے اور دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام یورپ کی نظر میں پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور چند تنظیمیں اور گروہ اسلام کا نام استعمال کر کے دہشت گردی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن کی شناخت نہ ہو تو اسے لڑا نہیں جا سکتا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر اعجاز حسین نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے ہمہ جہتی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایمبیسڈر جاوید حسین نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ۔