اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ گیریژن پسرور کینٹ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ قوم کے تعاون سے جاری رہے گی‘ ملک کو ہر رنگ و نسل کے فسادیوں سے پاک کریں گے‘ قوم کی حمایت سے ملک سے ہر طرح کے فسادیوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ آرمی چیف کو آپریشن ردالفساد اور مردم شماری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور تیاری کو سراہا۔ بعدازاں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ لاہور پہنچ گئے۔ آرمی چیف کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔