لندن (آئی این پی ) برطانیہ نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی ایٹمی آبدوز تیار کرلی، یہ آبدوز پانی کی سطح پر آئے بغیر پوری دنیا کا چکر لگا سکتی ہے، کروز میزائل سے 750 میل دور اپنے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایچ ایم ایس آڈیشیئس نامی یہ برطانوی ایٹمی آبدوز ایسٹیوٹ کلاس سے تعلق رکھنے والی چوتھی آبدوز ہے۔ آبدوز کے شپ یارڈ سے باہر آنے کی تصاویر گزشتہ روز ایک برطانوی اخبار نے جاری کی ہیں لیکن اس بارے میں برطانوی وزارت دفاع اور برطانوی بحریہ نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ ایسی ہر آبدوز پر ایک ارب 37 کروڑ برطانوی پانڈ (تقریبا 185 ارب پاکستانی روپے) لاگت آئی ہے۔ بر طانوی دعووں کے مطابق اس پر نصب آلات اتنے حساس ہیں کہ یہ برطانوی سمندری حدود میں رہتے ہوئے نیویارک کے ساحل پر موجود بحری بیڑے کی نقل و حرکت تک کا پتا چلا سکتی ہے۔ اس کی لمبائی318 فٹ ہے جبکہ اس کا وزن 7400 ٹن ہے۔