لاہور +اسلام آباد ( خبرنگار +نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ عمران کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو ایک بار پھر خالی کرسیوں سے خطاب مبارک ہو۔ عمران! آپ دوسرے ممالک کیلئے سکیورٹی رسک ہیں، آپکوبین الاقوامی ائرپورٹس پر اسی لئے روکا جاتا ہے، عمران نفرت انگیز بیانات کی وجہ سے غیر مقبول ہورہے ہیں، عمران رشوت کی پیشکش کرنے والے کا نام بتائیں، عمران خان 6 ماہ عدالت میں جھوٹ بول بول کر نہیں تھکے۔ آج بھی جھوٹ اور صرف جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ جلسے میں بھی وہ ”بیمار“ دکھائی دیئے۔ سعد رفیق نے کہاکہ شیخ چلی کی نحوست مشرف کی طرح عمران کو بھی لے ڈوبے گی،بڑے بے شرم دیکھے لال حویلی کے لال بجھکڑ سا بے شرم نہیں دیکھا، لال حویلی کا جوکر عمران کو ٹکنے نہیں دے گا، رونا دھونا پی ٹی آ ئی کا مقدر ہے۔ پی ٹی آ ئی لیڈران کی تقریریں مدہوشی اور بہتان تراشی کا ملغوبہ تھیں۔ انہوںنے کہاکہ 1970ءمیں بھٹو اور 2013ءمیں عمران نے تبدیلی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایا اور اب عمرانی ٹولہ چند روزہ اقتدار کیلئے باولا ہوچکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے 10ارب کی آفر کا ثبوت نہ دیا تو جھوٹے کو قانون اور عوام کی عدالت میں گھسیٹیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی والوتیارہوجاﺅ3مئی سے تمہاری عدالتی تلاشی شروع ہورہی ہے دوسروں کیلئے گڑھے کھودنے والا عمران اپنے کھودے گڑھے میں گرنے والا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایاک نعبد و ایاک نستعین پڑھ کر جھوٹ بولنے والے عمران کو اللہ کریم معاف فرمائے۔ انہوںنے کہاکہ ملک نقلی بھٹو جعلی خان بھگت رہا ہے۔ عمران خان ڈینگیں مارنا بند کردیں، عمران خان اللہ، رسول اور قرآن شریف کا نام لے کر جھوٹ نہ بولیں، عمران ہم آپ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، گھر چھوڑ کر آئیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی خواہش پوری کریں گے، ہم ان سے قرآن پر ہاتھ رکھوا کر پوچھیں گے کہ کیا کبھی سچ بولا، کیا امریکی ڈگری اصلی ہے یاجعلی، نواز شریف نے حساب دیدیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے عمران خان کے جلسہ سے خطاب پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران کو دعا کرنی چاہئے اللہ انہیں سچ بولنے کی توفیق عطا فرمائے۔ عمران کی طبیعت کچھ ٹھیک نہیں لگتی، تقریر کے بعد پارٹی کے لوگ انہیں کسی صحت افزا مقام پر لے جائیں، عمران جھوٹ بول بول کر تھکے تھکے دکھائی دیتے ہیں۔ عمران اپنے بیان پر اب یوٹرن نہ لیں، قانونی کارروائی اور عدالتوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔ بھارتی وزیراعظم مودی سے ملاقات میں عمران خان نے کشمیر کا ذکر تک نہیں کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ دھرنے والے ٹولے نے آج پھر اسلام آباد میں ناچ گانے کا ناٹک رچایا ہے، عمران کے 10 ارب روپے کی پیشکش کے معاملے کو پاناما کیس کا حصہ بنایا جانا چاہیے سپریم کورٹ از خود نوٹس لے۔ سوات کبل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کے پی کے میں اپنی کارکردگی صفر ہے مگر جہاں جاتے ہیں دوسروں پر تنقید سے گفتگو کا آغاز کرتے ہیں۔ 2013 ءمیں جب وزیراعظم نواز شریف نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان کے جو حالات تھے وہ سب کے سامنے تھے اور اس وقت سے آج تک جو بہتری آئی ہے وہ بھی عوام کے سامنے ہے۔ ہم نواز شریف کی قیادت میں تمام سازشوں کا مقابلہ کریں گے وہ ادارے جو کباڑہ بن چکے تھے، اب وہی ادارے منافع بخش ہوتے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) / ردعمل