جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں‘ قوم کی مدد ہر رنگ اور نسل کے فسادیوں کا صفایا کر دینگے : آرمی چیف

Apr 29, 2017

گوجرانوالہ/ راولپنڈی/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر+ این این آئی+ اے این این) سپہ سالار پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قوم کی مدد و حمایت سے ہر نسل اور ہر رنگ کے فسادیوں سے ملک کو پاک کرینگے، آپریشن رد الفساد ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، پاک فوج کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے گوجرانوالہ گیریژن کے دورے کے موقع پر افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر باجوہ نے گوجرانوالہ گیریژن کے افسران و جوانوں سے خطاب کے دوران ان کے بلند حوصلے اور تیاری کو سراہا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پسرور کینٹ کا بھی دورہ کیا اور اس دوران انہیں آپریشن ردالفساد اور مردم شماری پر بھی بریفنگ دی گئی اس کے علاوہ آرمی چیف کو گوجرانوالہ کور کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور تیاری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان آرمی ملک کے کونے کونے کو ہر طرح کے فسادیوں سے پاک کرکے دم لے گی۔ ملک کو فسادیوں سے پاک کرنے کے حوالے سے پاک فوج کی بے شمار قربانیاں ہیں اور ہم وطن کی سلامتی و استحکام کیلئے قربانیاں دینے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کیساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی اپنے عوام کی مدد سے انجام تک پہنچائیں گے۔ قبل ازیں گوجرانوالہ پہنچنے پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ این این آئی کے مطابق بعدازاں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ لاہور پہنچ گئے۔ آرمی چیف کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
آرمی چیف

مزیدخبریں