پشاور (این این آئی+ آن لائن) خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا۔ اجلاس میں دوسری مرتبہ کورم کی نشاندہی پر ایوان مچھلی منڈی بن گیااور دونوں اطراف سے ”رو عمران رو“ اور ”گو نواز گو“ کے نعروں گونجنے لگے۔ خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مہر تاج روغانی کی زیر صدارت شروع ہونے سے قبل کورم پورا نہ ہونے کا شکار ہوگیا، حکومتی بینچز پر 9 ارکان موجود، کورم کی نشاندہی حکومتی رکن نرگس نے کی۔ خیبرپی کے اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزراءکی عدم موجودگی پر اراکین برہم ہوئے ،جماعت اسلامی کے محمد علی کا کہنا تھا کہ سوالات تو جمع کئے مگر افسوس جواب کون دیگا۔ مسلم لیگ (ن) کے اورنگزیب نلوٹھا کا کہنا تھا کہ اگر وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریز اسمبلی نہیں آتے تو تنخواہیں بند کریں۔ وزرا اور پارلیمانی سیکرٹری حرام کی تنخواہیں لیتے ہیں، اسمبلی اجلاس ملتوی کیا تو اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی کی اس دوران اسمبلی میں گو نواز گواور رو عمران رو کے نعرے شروع ہوگئے۔ ڈپٹی سپیکر نے کورم پورا نہ ہونے اور ہنگامہ آرائی کے بعد دو مئی تک ملتوی کردیا۔ قبل ازیں اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعت اسلامی، تحریک انصاف کے وزراءکی غیرحاضری پر اپوزیشن کے ساتھ اپنی ہی صوبائی حکومت پر برس پڑی اور کابینہ ارکان کی غیرحاضری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ جے یوآئی کے مفتی سید جانان نے کہاکہ ہماری صوبائی اسمبلی آئے دن بدتہذیب ہوتی جارہی ہے اسلام آباد اور لاہور کی لڑائیاں صوبائی اسمبلی کے اس ایوان میں لڑی جارہی ہے اس سے اجتناب کیاجائے ۔وقفہ سوالات کے آغاز پر جماعت اسلامی کے محمدعلی نے کہاکہ ہماری صوبائی حکومت مکمل طور پر غیرسنجیدہ ہے جنگلات کے حوالے سے آٹھ ماہ قبل جوسوال جمع کیاگیاتھا آج باری آنے پر مشیر اورپارلیمانی سیکرٹری دونوں غائب ہیں تنخواہیں اور مراعات تو ضرور لی جارہی ہیں لیکن اسمبلی میں کوئی حاضر نہیں ہورہاہے جماعت اسلامی کے محمدعلی نے مشیربرائے جنگلات اشتیاق ارمڑ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ اخلاقی طور پر تواچھے انسان ہیں لیکن اس عہدے کےلئے نااہل ترین انسان ہے اوراپنی ہی محکمے سے مکمل طور پر بے خبرہے یہ سنتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے بھی جماعت اسلامی کے ارکان کی تائید کی ۔
خیبر پی کے اسمبلی
دوسری مرتبہ کورم کی نشاندہی خیبر پی کے اسمبلی میں ہنگامہ ”گو نواز گو“ اور ”عمران رو“ کے نعرے ایوان مچھلی منڈی بنا رہا
Apr 29, 2017