ہر نسل ہر رنگ کے فسادیوں کا خاتمہ کریں گے: آرمی چیف

Apr 29, 2017

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قوم کی مدد سے ہر نسل اور رنگ کے فسادیوں سے ملک کو پاک کر کے دم لیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز گوجرانوالہ گیریژن کے دورہ کے موقع پر اور بعد ازاں پسرور کینٹ میںافسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ آرمی چیف کو گوجرانوالہ کور کی آپریشنل تیاریوں، آپریشن ردالفساد اور مردم شماری میں پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اپنے خطاب میں جنرل باجوہ نے گوجرانوالہ گیریژن کے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے اور تیاری کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور ملک سے فسادیوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔‘ گوجرانوالہ پہنچنے پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں