سرینگر (کے پی آئی )مقبوضہ کشمیر میں اننت ناگ(اسلام آباد) پارلیمانی حلقہ کیلئے تین مرحلوں پر مبنی نام نہاد بھارتی اِنتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے ضلع کولگام میں انتخابی مہم ہفتہ کی شام ختم ہوگئی۔ ضلع میں آج پیر کو پولنگ ہونے جارہی ہے۔پہلے مرحلے میں23اپریل کو اننت ناگ ضلع میں 13.63فیصد پولنگ ہوئی تھی، جبکہ بیشتر علاقوں میں لوگوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کر کے گھروں سے باہر نکلنے کو ترجیح نہیں دی۔تیسرے مرحلے میں شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں ایک ساتھ 6مئی کو پولنگ کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔ضلع کولگام میں 3.45 لاکھ سے زائد رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔پولنگ والے علاقو ں میں حریت کانفرنس کی اپیل پر آج ہڑتال ہوگی۔ علاقے میں تمام کاروباری مراکز بند جبکہ ٹریفک معطل ہوگی اس دوران حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے نام نہاد انتخابات کا پہلے اور دوسرے مرحلوں کی طرح مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ترجمان حریت نے کہا کہ ایسے انتخابات سے کشمیریوں کو کوئی دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی ایسے انتخابات رائے شماری کا نعم البدل ہوسکتے ہیں۔ کل جماعتی حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر سے متعلق دیئے گئے بیان کو مسترد کردیاہے۔ایک بیان میں گیلانی نے کہاکہ دراصل وزیر اعظم کشمیر کی تاریخ سے ہی نابلد ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کے بیان کو تاریخی حقائق کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر اپنی شاندار تاریخ، ثقافت، جغرافیہ اور سیاست کے لحاظ سے کبھی بھی بھارت کے ساتھ کوئی رشتہ قائم کرنے کا روادار نہیں رہا۔ وزیر اعظم کی طرف سے جموں کشمیر کو بھارت کا حصہ جتلانے کے حوالے سے پیش کئے گئے دلائل کو عجیب اور کمزور قرار دیتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ اگر بالفرض محل ان دلائل کو صحیح بھی مان لیا جائے تو پھر نریندر مودی نے جس بھارت کو خالصتاً ایک ہندو راشٹر بنائے جانے کی ٹھان لی ہے اس پر مسلمانوں نے قریب ایک ہزار سال تک حکمرانی کی ہے۔گیلانی نے اس صورتحال کا توڑ کرنے کیلئے عوام سے اپیل کہ وہ 29اپریل کوکولگام میں پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ تحریک حریت کے چیئرمین محمداشرف صحرائی نے ریاست اورریاست سے باہر کی جیلوں میں کشمیری قیدیوں کی حالت زار پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور ایمنیسٹی انٹر نیشنل سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں نظربند کشمیری قیدیوں پرڈھائے جارہے مظالم کا نوٹس لیں اوران کی روک تھام کیلئے اپنااثرورسوخ استعمال کریں۔بھار ت میں تعینات امریکی سفارت کار نے پی ڈی پی کے سینئر لیڈر وید مہاجن سے ملاقات کی۔ پی ڈی پی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ملاقات کے دوران جموں و کشمیر سے متعلق مدعوں پر بحث کی گئی۔ آری پل ترال اور ہف شیرمال شو پیا ن میں بھارتی فوج کا کریک ڈاون ختم ہوگیا تاہم اس دوران فورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا نہیں ہوا اور نہ کسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گذشتہ10مہینوں سے نظر بند ڈورو کے نوجوان کا کینسر میں مبتلاوالد بے بسی کی حالت میں انتقال کر گیا ہے۔