سیاسی اثر و رسوخ اداروں کی تباہی کی بڑی وجہ ہے،مرادسعید

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ 6 ماہ تک میڈ ان پاکستان مصنوعات پوری دنیا میں متعارف کرانے کے لئے ای کامرس لا رہے ہیں،آئندہ 614 مختلف برانڈز پاکستان پوسٹ کے ذریعے اپنی مصنوعات کی ترسیل کریں گے۔ اتوار کو اسلام آباد میں پاکستان پوسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں پوسٹل سروسز میں بہتری آئی ہے۔ ہم نے آتے ہی اس کی بہتری کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ مشکل وقت ضرور گزرا تاہم ہم نے دن رات محنت کر کے بہتری لائی۔ پاکستان پوسٹ کو منافع بخش ادارہ بنا چکے ہیں، ماضی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اداروں کو نقصان پہنچا ، سیاسی اثر و رسوخ بھی اداروں کی تباہی کی بڑی وجہ ہے۔انہوں نے کہا ہم نے الیکٹرانک منی آرڈر متعارف کرایا جس کے تحت 50 ہزار روپے تک کی رقم اسی روز پاکستان پوسٹ کا عملہ دہلیز تک پہنچاتا ہے۔ ہم نے ای کامرس کی طرف جانا ہے۔ ٹریکنگ سسٹم کے لئے ہم نے موبائل ایپلیکیشن متعارف کرائیں جس میں اب تک 50 ہزار تک افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈ ان پاکستان مصنوعات دنیا میں کہیں بھی پہنچانے کے لئے آئندہ 6 ماہ میں اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن