لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وفاقی سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کے جنازے میں شرکت نہ کر سکے کیونکہ وہ اہم سرکاری دورہ پر چین میں تھے۔ پاکستان اور چین کے ساتھ بہت اہم معاہدہ ہوئے ہیں۔ وہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وفد میں شامل تھے اور والد کی وفات کا سن کر انہوں نے ضروری سرکاری کام نمٹائے اور دورہ مختصر کر کے وطن واپس آگئے لیکن وہ وقت پر نہ پہنچ سکے اور اپنے والد کے نماز جمازہ میں شرکت سے محروم رہ گئے۔ وہ گزشتہ روز اپنے والد سردار اسلم سکھیرا کی رسم قل میں شرکت کیلئے آنے والے مہمانوں کو خود ملے وہ سخت صدمہ میں نظر آئے۔ ادھر سابق کمشنر سردار اسلم سکھیرا مرحوم کی رسم قل میں شرکت کے موقع پر مسلم لیگ ن کے ایم این اے رانا تنویر نے کہا کہ سرادر اسلم سکھیرا مرحوم انکے قریبی ساتھی تھے۔ سردار اسلم سکھیرا جب اے سی فیروز والا اور ڈی سی شیخوپورہ تھے تو انہوں نے بہت سے کام نمٹائے۔ وہ کسی سائل کو مایوس نہیں کرتے تھے‘ اسلم سکھیرا شفیق نیک اور مخلص انسان تھے۔ رانا تنویر نے پی ٹی آئی حکومت کے حوالے سے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو تحریک چلانے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔ موجودہ حکومت خود ایسے کام کر رہی ہے کہ عوام ان کے خلاف ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں فیصلہ سازی کی اہلیت ہی نہیں۔ سابق وزیراعلیٰ منظور وٹو نے کہا کہ سردار اسلم سکھیرا مرحوم ایک انتہائی قابل افسر تھے۔ وہ انتہائی معاملہ فہم اور مدبر تھے۔ ملکی سیاسی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر چلنا چاہئے۔ نیب میں انکی طلبی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی سرکاری نوٹس نہیں ملا جب ملے گا تو وہ نیب میں حاضر ہو جائینگے۔ یوٹرن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یوٹرن سوچ سمجھ کر لینا چاہئے۔ قوم کی مفاد میں ہے تو یوٹرن لینا چاہئے۔ لیکن نقصان میں ہو تو گریز کیا جائے۔