لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ اراکین شاہ دوست اور کبیر خان نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیا۔ دونوں اراکین پی سی بی کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراض کو ماننے سے انکار کر دیا۔ شاہ دوست اور کبیر خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے پی سی بی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی۔ دونوں اراکین نے کہا ہے کہ پی سی بی چیئرمین نے میڈیا میں بورڈ میٹنگ کے حوالے سے غلط بیانی کی۔ پانچ اراکین کا متفقہ فیصلہ تھا کہ احسان مانی کی غلط بیانی پر میڈیا کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔جواب میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بورڈ چیئرمین نے کہا کہ میٹنگ ملتوی ہوئی، کورم پورا نہیں تھا، یہ دونوں باتیں غلط بیانی پر مشتمل تھیں۔ احسان مانی اور اسد علی خان نے اکثریتی ارکان کے فیصلے کو ماننے سے انکار کیا۔ ہماری پریس بریفنگ احسان مانی کی طرف سے کی گئی غلط بیانی کو دور کرنے کے لیے تھی۔ چیئرمین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے، نعمان بٹ پانچ اراکین کی نمائندگی کر رہے تھے۔ احسان مانی اور اسد علی خان نے پانچ اراکین کے اکثریتی فیصلے کو ماننے سے انکار کیا، بورڈ چیئرمین نے میڈیا کے سامنے غلط بیانی کی۔ پریس کانفرنس بورڈ چیئرمین کی غلط بیانی کیوجہ سے کی گئی۔