لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری اور قرضوں سمیت ہر برائی کا خاتمہ صرف انصاف کے بول بالا سے ہو گا، جہاں ظلم اور ناانصافی ہو گی وہاں کبھی امن اور برکت نہیں آئے گی، انہوں نے سانحہ ماڈل ٹائون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ریاستی عہدیدار ایسا ہے جو ماڈل ٹائون کے مظلوموں کو انصاف اور غیر جانبدار تفتیش کا حق نہ ملنے کی وجہ بتا سکے ؟وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک وکلاء رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے، وکلاء رہنمائوں نے سربراہ عوامی تحریک کو سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات اور درخواستوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مرکزی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت کی طرف سے سزا پانے والے 107کارکنوں کے اہلخانہ سے مسلسل رابطہ رکھیں اور کارکنوں کو انصاف دلوانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔