لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ نواز شریف سوچیں کہ اگر ان کی باہر جانے کی اپیل پر فیصلہ ان کے حق میں نہ آیا تو وہ کیا کرینگے۔ مشرف اور اسحاق ڈار کے برعکس میاں صاحب باقاعدہ سزا یافتہ ہیں وہ بیرون ملک گئے تو کئی سوال اٹھیں گے۔ میاں صاحب کیلئے علاج مسئلہ نہیں اصل میں ان کی خواہش لندن جانے کی ہے۔ اس حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی حکومت اس کے سامنے سر تسلیم خم کرے گی۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو عدالتوں کے فیصلے ماننا ہوں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کسی قسم کا اختلاف نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی خواہشات اپنی جگہ مگر پی ٹی آئی آج بھی روز اول کی طرح متحد اور منظم جماعت ہے جسے اپنے قائد عمران خان پر بھرپور بھروسہ اور اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق یا پنجاب میں حکومت کی تبدیلی دیوانے کا خواب ہے اور اپوزیشن کیلئے ''دل کے بہلانے کو غالب یہ خیال اچھا ہے '' صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز لیگ'' چھانگا مانگا''میں ماہر ضرور ہے لیکن اس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔