اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرالانگوپیچوموتو نے کہاہے کہ کرونا وائرس کی وباء کے طویل المیعاد اثرات سے نمٹنے کیلئے عالمی بینک پاکستان کی وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرقریبی کام کررہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سایئٹ ٹوئٹرپرجاری ہونے والے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے تناظرمیں پاکستان میں روزگارکے تحفظ کیلئے عالمی بنک وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرکام کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ بچوں کوتعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عالمی بینک نے ایک ہفتہ کی مدت میں ملک بھر میں طبی اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کیلئے پہلے سے جاری منصوبوں سے 40 ملین ڈالر کی رقم جاری کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملہ اورامدادی کارکنوں کوضروری حفاظتی لباس کی فراہمی کیلئے بنک تعان کررہاہے۔ عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹرنے کہاکہ پیر تک ملک کے مختلف حصوں میں 18 لاکھ حفاظتی کٹس، ضروری طبی آلات، وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشین اورالٹراساونڈ مشینوں کی فراہمی عمل میں لائی گئی ہے۔