تتہ پانی (نامہ نگار) لائن آف کنٹرول پر انسانیت کی دشمن بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تتہ پانی درہ شیر خان اور گوئی سیکٹرز میں فائرنگ و گولہ باری سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔ ایل او سی کے علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سابق وزیر حکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی کی بھارتی فوج کی سویلین آبادی پر فائرنگ و گولہ باری کی پر زور مذمت۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر انسانیت کی دشمن بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج نے منگل کے روز سحری کے وقت تتہ پانی درہ شیر خان سیکٹر میں اچانک بلا اشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آکر بہک درہ شیر خان کا رہائشی نصیر احمد ولد محمد شریف زخمی ہو گیا جسے فوری ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی پہنچا دیا گیا۔ جبکہ بھارتی فوج نے پیر کے روز افطاری کے وقت تتہ پانی گوئی سیکٹر میں شدید گولہ باری کی اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رکھا۔ تاہم گولہ باری کے نتیجہ میں کسی بھی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ایل او سی کے علاقوں میں آئے روز بھارتی فوج کی فائرنگ و گولہ باری سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔