اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں کرونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 23 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 322 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14690 تک جا پہنچی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپی کے میں سامنے آئی ہیں جہاں کرونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 92 اور پنجاب سندھ میں 95 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ منگل کو ملک بھر سے کرونا کے مزید 633 کیسز سامنے آئے ہیں اور 23 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 90 کیسز 4 ہلاکتیں، سندھ 335 کیسز 7 ہلاکتیں، خیبرپی کے میں 176 کیسز 10 ہلاکتیں، اسلام آباد 16 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان ایک ہلاکت، گلگت بلتستان میں 10 کیسز اور آزاد کشمیر سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں گزشتہ روز کرونا کے مزید 335 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔پنجاب میں گزشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 90 کیسز سامنے آئے ہیں اور 4 افراد کرونا سے انتقال کرگئے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5713 اور ہلاکتیں 95 ہوگئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1925 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2951 عام شہری کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔صوبے میں اب تک 1380 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں کرونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 261 اور ہلاکتیں 4 ہوگئی ہیں۔ بلوچستان میں گزشتہ روز کرونا سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کیمطابق صوبے میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں پیر کو کرونا کے مزید 72 مریض سامنے آے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 853 ہوگئی۔ آزاد کشمیر سے منگل کرونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔ خیبر پی کے میں منگل کو کرونا وائرس کے 176 نئے کیسز اور 6 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجموعی تعداد 2160 اور ہلاکتیں 114 ہوگئیں۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 7، مردان میں دو اور ایبٹ آباد میں ایک شخص کرونا سے جاں بحق ہوا۔ گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 330 ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں اب تک کرونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔دوسری طرف ایوان بالا (سینٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ مرزا محمد خان آفریدی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے پشاور گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے انہیں بخار اور جسم میں درد محسوس ہوا اور پھر انہوں نے 'حفاظتی اقدامات' کے طور پر اپنا ٹیسٹ کروایا، جس کا نتیجہگزشتہ روز مثبت آگیا۔
کرونا پاکستان
ماسکو ‘ نیویارک (نیٹ نیوز) دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آرہی ہے وہیں روس میں مریضوں کی تعداد میں اچانک ہوشربا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ روس کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار411 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد 93 ہزار 558 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی کل تعداد 73 ہو چکی ہے۔ امریکی جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے نئے اعداد و شمار کے مطابق روس نے کرونا کے کیسز میں ایران اور چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اس طرح وہ پوری دنیا میں نویں نمبر پر متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔ برازیل میں بھی کرونا کی تباہ کاریوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں ایک ہی دن میں ہزار کے قریب کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 67 ہزار 446 تک پہنچ گئی ہے جب کہ مزید 60 مریض ہلاک ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 603 ہوگئی ہے۔ میکسیکو میں بھی مہلک کرونا کے 852 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جہاں اب مجموعی تعداد 15 ہزار 529 ہوگئی ہے جب کہ مزید 83 ہلاکتوں کے بعد 1 ہزار 434 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اموات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے یعنی 50 سے اوپر اموات کا سلسلہ اب صرف 6 تک آگیا ہے۔ امریکا میں کرونا سے اموات کی کل تعداد 56 ہزار 803 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 150 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی کل تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری جانب امریکی ریاست ہوائی نے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ یورپ کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک اسپین، اٹلی اور فرانس میں ہلاکتیں اور نئے کیسز مسلسل سامنے آ رہے ہیں تاہم کیسز اور اموات کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 26 ہزار 977 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں23 ہزار 521 اور فرانس میں 22 ہزار 293 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ ناروے میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے اعلان کے بعد سکول کھول دیے گئے ہیں۔
کرونا دنیا