اسلام آباد +لاہور(وقائع نگار خصوصی+نیوز رپورٹر) صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے بھارت میں مودی سرکار کے زیر سرپرستی مسلمانوں کیخلاف چلائی جانے والی نفرت انگیز مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے غنڈوں کے زیر اثر ہے۔ مودی سرکار آر ایس ایس کو مسلمانوں کیخلاف استعمال کر رہی ہے۔ بھارت مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کی نسل کشی کے مذموم ایجنڈا پر کاربند ہے۔ بھارتی حکومت کی سرپرستی میں انڈیا میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بھڑکائی جانے والی نفرت انتہائی قابل مذمت ہے۔ مسلمانوں کے خلاف بڑی بے رحمی سے ناجائز اور غیر منصفانہ رویہ اختہار کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں چین کی کمیونسٹ پارٹی نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حمایت پر شہباز شریف سے اظہار تشکر کیا ہے۔ خط چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ نے ارسال کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں چین کی حمایت اور یکجہتی کے اظہار پر شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی شکرگزار ہے۔ وائرس نے تمام ممالک میں عوام کی صحت و سلامتی کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ چین کی حمایت میں پاکستانی معاشرے کی طرف سے دل چھو لینے والے واقعات سامنے آئے ہیں۔ چین کی معیشت اور معاشرے معمول پر واپس آرہے ہیں۔ زندگی اور پیداوار تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔ اس عمل میں حفاظت اور بچائو کے اقدامات مستقل بنیادوں پر لاگو کئے گئے ہیں۔ اپنی استعداد کے مطابق دیگر ممالک کی مدد کی اور وائرس کے خاتمے کیلئے وسیع تعاون کیا۔ ہم کرونا کی وباء کے انسداد کیلئے تعاون پر مبنی اقدامات کرتے رہیں گے۔ وائرس کے خلاف پوری عالمی برادری کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔مسلم لیگ (ن) نے چین پاکستان سدا بہار سٹرٹیجک اینڈ کوآپریٹو پارٹنرشپ کو فروغ دینے میں گرانقدر کام کیا ہے جبکہ سی پی سی روابط اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے تیار ہے۔ مسلم لیگ (ن) کیساتھ پارٹی کی سطح پر تعاون کا فروغ چاہتے اور مسلم لیگ (ن) کیساتھ نیو ٹائپ پارٹی ٹو پارٹی تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، خط میں خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارتی حکومت کی سرپرستی میں انڈیا میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بھڑکائی جانے والی نفرت انتہائی قابل مذمت ہے۔ بی جے پی انتہا پسند، تنگ نظر اور انتہائی متعصبانہ سوچ پر مبنی آر ایس ایس کے زیر اثر ہے۔ بابری مسجد کی شہادت، گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام، سمجھوتہ ایکسپریس، شہریت ایکٹ بھارتی مجرمانہ سوچ کی چند نمایاں مثالیںہیں۔ ایک منظم اور سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت اب کرونا عالمی وباء کے پھیلائو کا ذمہ دار مسلمانوں کو قرار دیا جارہا ہے۔ مسلمانوں کی عبادت گاہوں، مذہبی آزادیوں کے بعد ان کی زندگی کو نشانہ بنایا جانا معمول بن چکا ہے۔ مودی حکومت انسانی زندگی کی حرمت پامال کرکے ہٹلر کے راستے پر کاربند ہے۔ ہٹلر کا نشانہ یہودی تھے تو آج مودی کا نشانہ مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، عالمی برادری، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلمانوں پر ظلم رکوائیں۔ عالمی برادری بھارت کے اندر پرامن اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے لئے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے۔ امریکہ، برطانیہ، یورپ، مہذب دنیا بنیادی انسانی احترام اور مذہبی آزادیوں کی عالمی اقدار کی پامالی پر بھارت کے خلاف اقدامات کریں۔ امریکہ، برطانیہ، برطانوی پارلیمان، کویت اور ایران کی بھارت کے اندر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کی مہم روکنے کے مطالبے کی تائید و حمایت کرتے ہیں۔ او آئی سی کی بھارت میں جاری نفرت انگیز مہم کی مذمت کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ او۔ آئی۔ سی اسلامی دنیا کی نمائندہ آواز کے طورپر بھارتی حکومت کے ساتھ باضابطہ یہ معاملہ اٹھائے۔ او۔آئی۔سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی اداروں میں بھارتی اقدمات کو اٹھایا جائے۔ بھارت سے کہا جائے کہ شہریت ایکٹ سمیت دیگر متعصبانہ اقدامات کے خاتمے کا اعلان کرے۔
مودی سرکار مسلمانوں سمیت اقلیتوں کی نسل کشی کررہی ہے: شہباز شریف
Apr 29, 2020