اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)کرونا وائرس کے دوران پی آئی اے کی پروازوں کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے افواج پاکستان نے پی آئی اے کی مدد کا اعلان کیا ہے۔ ائر لائن کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ پی آئی اے عملے کا پروازوں کے دوران کرونا کا شکار ہونے پر ملک بھر کے سی ایم ایچ میں علاج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پی آئی اے کے عملہ کا ملک بھر میں قائم کمبائنڈ ملٹری ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز میں علاج ہوگا۔ اسی طرح سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پی آئی اے کے عملے کو پروازوں پر پہنچانے کیلئے سی130 کارگو طیاروں میں نشستیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اندرون ملک پروازیں نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کا فضائی عملہ مختلف شہروں پر پھنس گیا تھا۔ سی ای او پی آئی اے کا ائیر مارشل ارشد ملک نے بری اور فضائی افواج کے سربراہان کیلئے اظہار تشکر کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مصیبت کی گھڑی میں تمام ملک اداروں کا باہم تعاون قومی طاقت کا سبب بنتا ہے۔ پی آئی اے دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے خطروں کی باوجود پروازیں چلا رہا ہے۔ ابھی تک24 ہزار سے زائد افراد پی آئی اے کے ذریعہ واپس اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔ ہزاروں لوگوں کی فریادیں ہمیں موصول ہوئی ہیں جو ابھی بھی پی آئی اے کے منتظر ہیں۔ پی آئی اے آخری پاکستانی کی وطن واپسی تک حکومت کی اجازت سے آپریشن جاری رکھے گا۔ پی آئی اے ان اپنوں کے جسد خاکی کو بھی وطن واپس پہنچائے گا جو کہ دیار غیر میں اپنی آخری سانسیں لے چکے ہیں۔ وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی خصوصی کاوشیں اور قائدانہ صلاحیتیں اس قومی خدمت میں ہمارے ساتھ شامل حال ہیں۔ ہمیں اس مشن میں تمام حکومتی حلقوں اور قومی اداروں کی مکمل مدد حاصل ہے جس کیلئے ہم سب کے خلوص دل سے شکر گزار ہیں۔
کرونا میں مبتلا پی آئی اے عملے کا علاج سی ایم ایچ میں ہوگا: آرمی چیف
Apr 29, 2020