لاہور (نیوز رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہا ہے کہ کرونا وباء کے باوجود نیشنل بنک میں صبح سے شام تک ٹریفک چالان جمع کروانے والے افراد کی لمبی لائنیں لگی ہوتی ہیں۔ بینکوں میں ان حالات سے نمٹنے کے لیے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں ہیں۔ انہوں نے حکومت پنجاب اور سٹی ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر چالان جمع کروانے کے نظام کو آن لائن کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ آن لائن نظام کے تحت جاز کیش، ایزی پیسہ، اور موبائل ایپ کے ذریعے چالان جمع کروانے کا بہتر طریقہ ہے، ٹریفک پولیس آن لائن نظام پر کام شروع کرتے ہوئے ان کمپنیز اور بینکوں سے ایم او یوز سائن کرے، نہ کہ نیشنل بنک کی مخصوص برانچوں کے ذریعے ہی چالان ادا کرنے پر عوام کو مجبور کیا جائے۔ چالان جمع کروانے کے نظام کو تبدیل نہ کیا گیا تو ٹریفک چالان اس مہلک وائرس کو پھیلا نے کا سب سے بڑا ذریعہ بن سکتے ہیں۔