پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار ) ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے تین ماہ کی بچی نے ڈاکٹر کے سامنے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ ڈاکٹر نے بچی کو چیک تک نہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ مسجد قبا کے رہائشی ابرار چوہدری کی تین ماہ کی بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر سرکاری ہسپتال لے جایا گیا۔ ڈیوٹی پر موجو د ڈاکٹر افتخار کو چیک کرنے کا کہا گیا تو ڈاکٹر صاحب نے کہا دور کھڑے ہو کر بتائو بچی کو مسئلہ کیا ہے، میں دوا لکھ دیتا ہوں۔ بچی کو دست اور قے لگے ہوئے تھے۔ ڈاکٹر نے حالت ٹھیک نہ ہونے کے باوجود کھڑے ہو کر بچی کو چیک کرنا گوارا نہ سمجھا۔ اسی اثنا میں بچی نے ڈاکٹر افتخار کے سامنے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ لواحقین نے انتظامیہ اور وزیراعلی سے مطالبہ کیا ہے غفلت برتنے پر ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی جائے اور نوکری سے برخاست کیا جائے۔