لاہور+ساہیوال(نمائندہ نوائے وقت+نوائے وقت رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ساہیوال میں غریب رکشہ ڈرائیور پرتشد دکے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور مبینہ طو رپر تشدد میں ملوث 5پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی پی او ساہیوال سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ گزشتہ روز وائرل ہونے والے ویڈیو بیا ن میں رکشہ ڈرائیورخالد نور نے بتایا کہ وہ بیمار والد کو علاج کی غرض سے ہسپتال لے جا رہاہے تھاکہ ساہیوال ناکے پر پولیس اہلکاروں نے روکا اور منت سماجت کے باوجود تشدد کیا اور پولیس اہلکاروں نے والد کے علاج کے لئے جمع کردہ نقدی بھی چھین لی ہے۔ڈی پی او ساہیوال نے ابتدائی انکوائری میں قصور وار ثابت ہونے پر 5پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے کارروائی شروع کردی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال اوکاڑہ میں زیر علاج رکشتہ ڈرائیور خالدنور کے والد کو گلدستہ بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ غریب آدمی کی عزت اورجان ومال کا تحفظ میری ذمہ داری ہے اور میںیہ ذمہ داری پوری کروں گا۔ انہوںنے کہاکہ عام شہری پر تشد د کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔