بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف کویتی وزراء کونسل کی قرارداد خوش آئند‘ فیاض چوہان

Apr 29, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کویتی وزراء کونسل کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے حملوں کے خلاف مذمتی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسلم ممالک کی جانب سے بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف متحد ہو کر اٹھ کھڑے ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کی لگائی ہندوتوا کی آگ نے پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جسکی وجہ سے آج بھارت میں غریب مسلمانوں کو راشن لینے کے لیے ہندومت کے نعرے لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، مسلمانوں کو سرکاری نل سے پانی لینے، ریڑھی لگانے، سامان بیچنے سے منع کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بھارت میں آئے دن مساجد پر حملے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے۔ مسلمانوں کے خلاف مظالم پر مودی سرکار مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ بھارتی میڈیا کی منافقت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند میڈیا نے تبلیغی مراکز میں کرونا کیسز سامنے آنے پر تو بے انتہا شور مچایا لیکن آج جب سینکڑوں تبلیغی کرونا سے ٹھیک ہونے کے بعد اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں تو بھارتی میڈیا دانستہ آنکھیں بند کئے ہوئے ہے۔

مزیدخبریں