اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشرقی سرحد پر کشیدگی کا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستان کی امن۱ کی کوششوں کے راستے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ گذشتہ روز ایوان صدر میں چیف سکائوٹ آف پاکستان کے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے ملکوں کو امن کا پیغام بھیجا تھا، بد قسمتی سے اس کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ صدر نے کہا کہ قائد اعظم نے قوم کو ایک واضح پیغام دیا تھا کہ تعمیر پاکستان کے راستے میں حائل مشکلات سے گھبرانا نہیں۔ قوموں کی تاریخ ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے کہ مسائل کی کمی کے باوجود، قوت ارادی، محنت اور بلند ارادوں سے قوموں نے بین الاقوامی برادری میں اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ آج بھی اگر ہم قائداعظم کے دیئے گئے اصولوں پر عمل درآمد کریں تو ہم اپنے قومی مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔سکائوٹس معاشرے میں نچلی سطح پر شہری ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرنے کیلئے لوگوں کو متحرک کر سکتے ہیں۔ تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور دوسرے حکام موجود تھے۔ صدر مملکت عارف علوی نے گذشتہ روز قومی اسمبلی کے رکن عامر محمود کیانی کے ہمراہ حلقہ این اے 61 کی مختلف مساجد کا دورہ کیا اور نماز تراویح کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور دوسری حفاظتی تدابیر کا جائزہ لیا۔ صدر نے اس موقع پر مسجد کے امام صاحبان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ تمام آئمہ مساجد 20 نکاتی پروگرام پر عمل درآمد کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر نے کہا کہ اس وبا سے بچنے کیلئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
پاکستان کو مشرقی سرحد پر کشیدگی کا چیلنج درپیش ہے،صدر عارف علوی
Apr 29, 2020