شبلی فراز وزیر اطلاعات، جنرل عاصم باجوہ معاون خصوصی مقرر

Apr 29, 2020

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بنا دیا گیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات بنایا گیا ہے۔شبلی فراز نے ایوانِ صدر میں اپنے عہدے کا حلف اُٹھا کر ذمہ داری سنبھال لی۔
بہتری کی ہر شعبے میں گنجائش ہوتی ہے۔ ٹیم لیڈر بہتری کیلئے بہترین ٹیلنٹ کو آگے لانے کی کوشش کرتا اور ضرورت کے تحت تبدیلیاں بھی کی جاتی ہیں۔ وزارت اطلاعات ایک نہایت اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔ آج میڈیا کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ پرنٹ میڈیا کو تو اپنی بقاء کا معاملہ بھی درپیش ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔ میڈیا کو جو مشکلات بدستور درپیش ہیں۔ یہ ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہیں۔ شبلی فراز سے امید ہے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیت و اہلیت سے ان کو دورکرنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ میڈیا ہر دور کی طرح وزارت اطلاعات کی نئی ٹیم سے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ میڈیا کے حلقوںمیں جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حیثیت سے ان کا میڈیا کے ساتھ مثالی کوآرڈی نیشن رہا۔ کشمیر ایشو کو بھرپور طریقے سے اُجاگر کرنے میں وہ حکومت کی بہترین معاونت کرسکتے ہیں۔ معروضی حالات میں حکومت اور میڈیا کے مابین رابطوں کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان میڈیا کے مسائل حل کرنے کا اعادہ کرچکے ہیں۔ اُمید کی جانی چاہئے کہ وزیراعظم کی نئی میڈیا ٹیم ان کے ا عتماد پر پورا اترے گی اور میڈیا کی مشکلات دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

مزیدخبریں