امریکہ میں مہلک کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ امریکہ میں یہ وبا خوفناک شکل اختیار کرچکی ہے اور اس سے اب تک59 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 59266 پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 1035765 ہو گئی ہے۔ امریکہ میں ایک لاکھ سے ز ائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ امریکی ریاست نیویارک اور نیوجرسی کورونا سے بری طرح متاثر ہے، نیویارک میں کورونا کے تین لاکھ سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 22 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ نیوجرسی میں اب تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہےں۔ میسا چوسٹس، ایلی نوائے ، کیلی فورنیا اور پنسلوانیا میں بھی اب تک کورونا وائرس کے 40 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ دریں اثناءامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں ٹیسٹنگ دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ اور بہتر ہورہی ہے۔ امریکہ میں اب تک 5593495 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہہم کسی بھی ملک سے زیادہ ٹیسٹ کر رہے ہیں اس لیے متاثرین کی تعداد زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق امریکہ نے ہر 60 میں سے ایک فرد کا ٹیسٹ کیا جبکہ اٹلی میں یہ تعداد ہر 35 میں سے ایک فرد کی ہے، سپین میں ہر 45 افراد میں سے ایک جبکہ آسٹریلیا میں پچاس میں سے ایک کی ہے۔