زرعی شعبے کی ترقی صوبے کی معاشی نمو کا اہم محرک ہے:وزیرخزانہ پنجاب

Apr 29, 2021

لاہور (کامرس رپورٹر)وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے کہا کہ حکومت جامع بجٹ پر یقین رکھتی ہے جہاں ترقیاتی منصوبوں، پالیسیوں اور بجٹ تیار کرنے سے پہلے براہ راست متاثر ہونے والے سٹیک ہولڈرزکو مدعو کیا جاتا ہے،زرعی شعبے کی ترقی صوبے کی معاشی نمو کا ایک اہم محرک ہے۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ  میں زراعت کے شعبے سے متعلق ڈویلپمنٹ ٹاکس سیریز  کے پہلے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال بھی اجلاس میں موجود تھے۔ مشاورتی اجلاس کا مقصد زراعت کے شعبے میں معاونت کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری میں زراعت اور نجی سٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا تھا۔ سیشن میں پنجاب کے زرعی ماہرین، اعلیٰ کارکردگی کے حامل کسانوں، پنجاب سے قومی زرعی اداروں اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ادارہ جاتی فریم ورک سے لے کر مزدوری اثاثہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور انضباطی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹاک سیریز کو بنیادی مقصدسرکاری اور نجی شعبے کے مابین پائے جانے والے فاصلے کو ختم کرنا تھا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 کی تیاری اور حتمی شکل دینے سے پہلے رائے شامل کرنا تھا۔ اس موقع پر وزیر صوبائی وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال نے  کہا کہ زرعی نمو کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں