کوئٹہ +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹا سا طبقہ ملک کے وسائل پر قبضہ کر کے بیٹھا ہے۔ سابق حکمرانوں نے لندن میں وہاں جائیداد لی جہاں برطانیہ کے وزیراعظم بھی نہیں لے سکتے۔ کوئٹہ میں کامیاب جوان پروگرام کے زیر اہتمام مستحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس کو عزت دیتا ہے جو دنیا کے لئے کچھ کرتا ہے۔ دنیا ان لوگوں کو یاد کرتی ہے جو انسانیت کیلئے کچھ کرکے جاتے ہیں۔ لیکن ماضی میں ہمارے حکمرانوں نے اس ملک کا نہیں سوچا۔ ایک چھوٹا سا طبقہ ملک کے وسائل پر قبضہ کر کے بیٹھا ہے۔ ہمارے حکمرانوں نے لندن کے امیر ترین علاقوں میں جائیدادیں لیں۔ لندن کے ان علاقوں میں جائیدادیں لیں جہاں برطانوی وزیراعظم بھی نہیں لے سکتا۔ مدینہ کی ریاست میں ترقی کا ماڈل یہ تھا کہ انہوں نے محلات نہیں بنائے۔ پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب نچلا طبقہ اوپر آئے گا۔ ماضی میں بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی۔ خوشی ہے کہ ہم نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو شروع کیا۔ ڈھائی سالوں میں 3300 کلو میٹر سڑکوں کے منصوبے بنے اور ان پر کام شروع کیا۔ چمن، کوئٹہ اور کراچی شاہراہ بہت خطرناک ہے، میں نے اس پر سفر کیا ہوا ہے۔ 2013 میں جب حکومت آئی تھی تو خیبر پی کے کے حالات خراب تھے۔ دہشت گردی کے باعث پولیس اہلکار شہید ہو رہے تھے۔ سب سے زیادہ نقصان خیبر پی کے کو ہوا۔ لیکن پھر ہم نے خیبر پی کے میں غربت میں کمی کی۔ عمران خان نے کہا کہ تین چار سال مخالفین کہتے رہے کہاں ہے نیا پختونخوا اور نیا پاکستان۔ 2018 کے الیکشن میں ہمیں کے پی کے میں دو تہائی اکثریت ملی اور اس کی وجہ یہی تھی کہ وہاں غربت میں کمی آئی۔ یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق کے پی میں سب سے تیزی سے غربت کم ہوئی۔ تمام صوبوں کو ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں۔ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے سبسڈی دی جائے گی۔ اس سے قبل جب وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز کوئٹہ کے دورے پر پہنچے تو انہیں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان میں امن و امان‘ ترقیاتی منصوبوں‘ مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ گورنر‘ وزیراعلیٰ بلوچستان‘ وفاقی وزراء اور دیگر حکام موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی بلوچستان کے ارکان اسمبلی کے تحفظات کا نوٹس لیا ہے۔ وزیر اعظم سے سردار یار محمد رند کی قیادت میں پی ٹی آئی کے ارکان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اسد عمر کو تحفظات دور کرنے کا ٹاسک دے دیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان‘ ایران کے ساتھ بحالی امن کے حوالے سے سعودی عرب کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے تو سعودی عرب قریب ترین دوست ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے امن کی جانب اٹھایا گیا یہ قدم امت مسلمہ کیلئے باعث تقویت ہوگا۔
چھوٹا سا طبقہ وسائل پر قابض ماضی میں حکمرانوں نے ملک کا نہیں سوچا:عمران
Apr 29, 2021