اسلام آباد، لاہور (وقائع نگار خصوصی +نامہ نگار+سٹی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید201 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد17ہزار530 ہوگئی،5292 نئے کیسز رپورٹ، تصدیق شدہ کیسزکی تعداد8 لاکھ 10 ہزار231 ہوگئی۔ پنجاب میں آکسیجن کی تیاری اور فروخت کے حوالے سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی، آکسیجن تیارکرنے والے ادارے تاحکم ثانی 100 فیصد آکسیجن صحت کے شعبے کو فروخت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق صرف فارماسوٹیکل انڈسٹری کو آکسیجن کی سپلائی ملتی رہے گی، نجی کمرشل سیکٹر کو تاحکم ثانی آکسیجن کی سپلائی نہیں ملے گی۔ ہسپتالوں کو معمول کے آپریشن اور الیکٹریکل سرجری کرنے سے روک دیا گیا۔ خیبر پی کے میں ہائی8 رسک اضلاع میں مکمل لاک ڈاون کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ۔ ان میں پشاور، لوئردیر، مردان، نوشہرہ، ملاکنڈ، چارسدہ اور صوابی شامل ہیں جبکہ مردان میں پہلے لاک ڈائون لگایا جا چکا ہے۔ کراچی میں 3 ماہ میں ایک فیصد سے بھی کم افراد کو کرونا کی ویکسین لگ سکی ہے دیگر اضلاع میں صورتحال اس سے بھی زیادہ خراب ہے ۔ کراچی کے ضلع وسطی کے 4 ٹائونز کے رہائشی یونٹس میں11مئی تک مائیکرو سمارٹ لاک ڈان نافذ کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع وسطی کے چار ٹائونز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا۔کیسز بڑھنے پر ایران نے پاکستان کی سرحد بند کردی۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (پی اے ای سی) نے قومی توقعات پر پورا اترتے ہوئے کرونا کی وبا کے تناظر میں ملکی وسائل سے تیار کردہ پہلا آئی سی یو وینٹی لیٹر آئی لیو (i-Live)کے نام سے متعارف کرا دیا ہے، ڈریپ نے اس وینٹی لیٹرکے استعمال اور تیاری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ وینٹی لیٹر پاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سنٹر (پی آئی ٹی سی) اور پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)کے معیارات پر بھی پورا اترا ہے۔ اس وینٹی لیٹر مشین پر جناح ہسپتال لاہور میں بھی جانچ کی گئی اور اسکو کامیاب قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی اے ای سی کو وینٹی لیٹر بنانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ متعلقہ ٹیم نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ حکام این آئی ایچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا ویکسین تیار کرنے کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا۔ ویکسین کی تیاری کے انتظامات مکمل، چینی ماہرین کی ٹیم بھی اسلام آباد میں موجود ہے، سائنو ویکسین کا خام مال مئی کے شروع میں پاکستان پہنچ جائے گا۔ این آئی ایچ میں کین سائنو سنگل ڈوز کرونا ویکسین مئی کے آخر میں دستیاب ہوگی، پاکستانی شہریوں پر قطر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی قطر ائر لائنز نے پاکستان سے قطر جانے والے مسافروں کو آگاہ کر دیا۔بھارت، بنگلہ دیش‘ نیپال، سری لنکا، فلپائن کے شہریوں کے قطر داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ محکمہ اوقاف پنجاب نے صوبے کے کم شرح والے اضلاع میں مزارات کھول دیئے۔22 اضلاع میں واقع 232 مزارات زائرین کے لیے کھولے گئے ہیں جب کہ لاہورسمیت 14 اضلاع کے 314 مزارات کی بندش میں 17 مئی تک توسیع کی گئی ہے۔ 50 سال سے زائد عمرکے افرادکی آج سے واک ان ویکسی نیشن کا آغازکر دیا گیا۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کیلئے جاتے ہوئے اپنا شناختی کارڈ اور فون ساتھ رکھیں۔ ڈاکٹر فیصل سطان نے کہا ہے کہ 96 اضلاع کے 1کروڑ 60 لاکھ خاندان صحت انصاف کارڈ سے مستفید اجلاس میں طے پایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گلگت بلتستان کے مستقبل رہائشیوں کو صحت کارڈ دیئے جائیں گے۔ اسلام آباد کے تقریباً 2 لاکھ 58 ہزار خاندان اور گلگت بلتستان کے تقریباً 3 لاکھ 28 ہزار خاندان ہیلتھ کارڈ اور مفت علاج سے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو صحت کے حوالے سے ماڈل سٹی بنائیں گے۔ ہیلتھ سسٹم میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ اگلے 2 ماہ پنجاب کے7 اضلاع کے تمام مستقل رہائشیوں کو صحت کارڈ ملیں گے۔ جن میں ڈیرہ غازی خان‘ راجن پور‘ لیہ‘ ساہیوال‘ پاک پتن اوکاڑہ‘ مظفر گڑھ شامل ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں پولیس کے تمام ڈرائیونگ لائسنس دفاتر اور سنٹرز 2 مہینوں کے لئے بند کر دیئے گئے ہیں۔ تمام اضلاع میں ڈرائیونگ لائسنس اور ٹیسٹ و ٹریننگ سنٹرز بند کر دیئے گئے۔ 200 وینٹی لیٹر پنجاب کے ہسپتالوں میں تقسیم کرتے ہوئے مالک کے اعتبار سے فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جن میں 100 وینٹی لیٹر لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں جبکہ باقی 100 وینٹی لیٹر پنجاب کے مختلف شہروں میں بڑے ہسپتالوں میں نصب کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے کرونا چیف کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم کہتے ہیں کہ جتنے بھی وینٹی لیٹرز فراہم کر دیئے جائیں کم ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے خصوصی بجٹ مختص کیا گیا جس کا حجم ضرورت کے مطابق بڑھایا جائے گا۔ کمشنر لاہور او سی سی پی او لاہور کی زیر قیادت شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ ہوا۔ آرمی‘ رینجرز اور پولیس کے دستوں نے فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔ فری ماسک بھی تقسیم کئے گئے۔ کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ آج شام چھ بجے کے بعد تمام کاروبار بند ہونگے۔ لاہورکی اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز کو چیک کای جا رہا ہے۔ آگاہی اور سختی دونوں کو بروئے کار لاکر شہریوں کو پابند کرینگے۔ ہدایات بالکل واضح ہیں کسی کو کوئی رعایت حاصل نہیں ہوگی۔شیخوپورہ میں سابق صدر بار ملک نصراﷲ وٹوکی اہلیہ سمیت تین شہری جاں بحق جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر غلام مبشر میکن‘ سابق صدر بار چودھری ولایت علی ایڈووکیٹ سمیت متعدد افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے وارڈ میں گنجائش سے زیادہ 10 سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک، گلی ککے زئیاں کو سیل کر دیا گیا۔ جبکہ 34 مقدمات پر آرمی کو تعینات کیا گیا۔
کرونا نے قیامت برپا کر دی
Apr 29, 2021