زیر مطالعہ کتاب ’’روشن ستارے‘‘ گل افشاں رانا کی ایسی تخلیق ہے جو کسی بھی شخص کی روح کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔ اس کتاب میں مصنفہ نے 100معذور افراد کی زندگی کا وہ احوال بیان کیاہے جس کے بارے میں شاید ہم جیسے مکمل انسان سوچ بھی نہیں سکتے ۔یہاں حیرت کی بات یہ ہے کہ مصنفہ گل افشاں رانا خود بھی وہیل چیئر یوزر ہیں۔ اپنی اس کتاب میں انہوں نے خصوصی افراد سے متعلق ہر پہلو کا بخوبی جائزہ لیا ہے اور خصوصی افراد کو پیش آنیوالے مسائل کے ہر ممکن تدارک کی کوشش کی ہے۔ کتاب میں سو جگمگاتے ستاروں کی کہانیاں محنت اور جدوجہد کی ایک داستان ہیں جن کو پڑھ کر نظر انداز کرنا کسی صورت ممکن نہیں۔اس کتاب کے مطالعہ کے دوران قاری کو یہ احساس ہوتا ہے کہ زندگی پھولوں کا بستر نہیں ہے بلکہ زندگی ہر لمحہ امتحان میں گزر رہی ہے۔کتاب میں لکھی گئی باتیں بہت اذیت ناک اور درد ناک ہیں،لیکن بہت ساری حوصلہ مند بھی ہیں۔اس کتاب میں موجود ہر ادھورا وجود اپنی زندگی کے پورے تقاضے نبھا رہا ہے۔ کتاب میں موجود روشن ستاروں کی داستان تصویر کے ساتھ شائع کی گئی ہے، جو قاری کو مکمل طور پر اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہے۔کتاب کی صورت میں خصوصی افراد کو پیش کیا جانیوالا یہ خراجِ تحسین اپنی مثال آپ ہے۔ اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں خصوصی افراد کو معاشرے میںدرپیش مسائل سے لیکر انکی نجی زندگی میں پیش آنیوالے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا حل بھی بتانے کی کوشش کی گئی ہے۔ قانون و ماہرین اور ماہر نفسیات سمیت بہت سے سکالرز کے نظریات اس کتاب میں قلم بند کیے گئے ہیں۔ادھورے وجود ہونے کے باوجود مکمل خواب دیکھ کر انہیں اپنی مدد آپکے تحت حقیقت کا روپ دینے کی بھاگ دوڑ میں لگے یہ خصوصی افراد ہمارے لیے روشن مثال ہیں۔کتاب کی قیمت 1000/-روپے ہے۔ کتاب فرینڈز آف پیراپلیجکس کے پلیٹ فارم سے شائع ہوئی ہے۔گل افشاں رانا کی کتاب ’’روشن ستارے‘‘ خوبصورت سرورق اور بہترین کاغذ کے ساتھ372صفحات پر مشتمل ہے۔کتاب فری ہوم ڈلیوری کی سہولت کے ساتھ پاکستان بھر میں دستیاب ہے۔ کتاب حاصل کرنے کیلئے 0303-6399655 اس نمبر پر رابطہ فرمائیں۔ (تبصرہ: تہذین طاہر)