شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری محمدسعید ورک نے لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کی گرفتاری کے پولیس اقدام کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف بولنے والوں کا اصل ٹھکانہ جیل ہے اس گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دینے والے ریاست مخالف بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں جنہیں بھی حساب دینا پڑے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری محمدیوسف ورک ، سید اعظم حسین شاہ، سید سجاد حسین بگے شاہ ، چوہدری ناصر محمود واہگہ، چوہدری عثمان اکرم ورک، چوہدری عمران اکرم ورک اور چوہدری اویس انور ور ک کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ نواز لیگ کی قیادت کی لوٹ مارکسی سے مخفی نہیں اس جماعت کا بھگوڑا قائدخودعلاج کے بہانے لندن میں جا بیٹھا اور حواری یہاں ملک اور اداروں کے خلاف گفتگو کررہے ہیں جسے قوم برداشت نہیں کرے گی۔