شبلی فرازکااین آر ٹی سی ہری پور کا دورہ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر سینٹر شبلی فرازنے  این آر ٹی سی، ہری پور کا دورہ کیا اور ٹچ سکرین  الیکٹرانک  ووٹنگ مشین  کا معائنہ کیا۔ اس مو قع پرشبلی فراز کو ادارے میں کی جانے والی جدید تحقیق اور تیار کئے جانے وال ساز و سامان کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے این آر ٹی سی کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور ان میں جاری کام کا جائزہ لیا۔بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے دو پروٹوٹائپ تیار کئے جا چکے ہیں اور انہیں جلد وزیر اعظم کے معائنے کے لیے پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ادارہ عالمی معیار کے وینٹیلیٹرز کی تیاری کی مکمل صلاحیت حاصل کر چکا ہے اور اس ضمن میں ایف ڈی اے کی تصدیق کا انتظار ہے۔ مزید بتایا گیا کورونا وبا کے دوران 109 خراب وینٹیلیٹرز کو استعمال کے قابل بنایا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کا مستقبل سائنس اور ریسرچ سے وابستہ ہے اور ہمیں بحثیت قوم اس شعبہ میں آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ہم  پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکیں۔ وفاقی نے اس ضمن میں این آر ٹی سی کی کاوشوں کوشاندار  الفاظ میں سراہا۔

ای پیپر دی نیشن