لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے کرپشن کا بازار ختم ہوگا جبکہ مہینوں کاکام دنوں اور منٹوں میں ہو سکے گا، لوگن اور پاسورڈ کیلئے اب رشوت بھی نہیں دینی پڑے گی جبکہ وقت کی بھی بچت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر رانا منیر حسین اورسیکرٹری جنرل قمرالزمان چوہدری نے پاکستان ٹیکس بار کے زیر اہتمام پاکستان سنگل ونڈو نظام کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان ٹیکس بار کے پیٹرن عبدالقادر میمن ،سابق صدر پاکستان ٹیکس بار آفتاب حسین ناگرہ،زاہد عتیق چودھری،ذیشان مرچنٹ ،شبیر فخرالدین،نعمان یحییٰ ،شکیل احمد بسرا،مرزا مبشر بیگ ، محمد عاصم اعوان ودیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان سنگل ونڈوکا اقدام ٹیکس نظام میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہو گا،پاکستان سنگل ونڈو میں 53 فیصد اداروں کو منسلک کردیا گیا ہے جو ٹیکسیشن سسٹم کیساتھ دیگر اطلاعات شیئر کر سکیں گے۔ وی باکس کی جگہ پاکستان سنگل ونڈو سسٹم جدت پر مبنی اور وقت کی ضرورت تھا جس سے دیرینہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرٹیکسیشن کے نظام میں بہتری لانا ہے تو اداروںکو جلد سے جلد آٹو میشن پر لانا ہوگا جس سے نہ صر ف رشوت اور چور دروازے بند ہوں گے بلکہ نظام کی استعداد کار بھی بڑھے گی۔