اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ یہ مبارکباد انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر دی۔ جوزپ بوریل قنے تحریر کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد‘ انہوں نے مزید تحریر کیا کہ وہ ای یو پاکستان کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے منتظر ہیں۔ علاوہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد دی ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے مفاد کیلئے ملکر کام کرنے پر زور دیا اور کہا کہ علاقائی و عالمی استحکام کے لئے بات چیت آگے بڑھائی جائے۔ سرگئی لاروف نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا ماسکو کا دورہ ہمارے لئے خوشی کا باعث ہوگا۔