قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈی پی او صہیب اشرف نے کہا کہ ضلعی پولیس نے آخری عشرے کے یوم القدس،جمعتہ الوداع اورخاص طور پر شاپنگ کیلئے مارکیٹوں اور بازاروں میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ قصورپولیس کے بہترین سکیورٹی انتظامات کے باعث رمضان کے دونوں عشرے پرامن اختتام پذیر ہوئے جبکہ آخری عشرے میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ یوم القدس کے ساتھ ساتھ جمعتہ الوداع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر کے1200پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے، تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کیساتھ میٹنگ کریں اور انہیں باورکرائیں کہ ضلع میں کسی قسم کی فرقہ واریت کو ہوانہ دی جائے اور اتحاد بین المسلمین کا درس دیا جائے۔