بیت المقدس کواسرائیلی بربریت نے لہولہان کردیا‘ قاری محمد عثمان

کراچی (نیوز رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء اور ضلع کیماڑی کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ بیت المقدس کواسرائیلی بربریت نے لہولہان کردیا ہے۔ نہتے فلسطینی مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو سلام۔ پاکستان سمیت مسلم ممالک اسرائیلی جارحیت پر اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کریں۔ وہ مقامی ہوٹل میں فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام القدس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ آج مٹھی بھر یہودی قبلہ اول پر حملہ آور ہیں، آئے روز سینکڑوں فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ امریکہ برطانیہ سمیت دنیائے کفر نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی ادارے ٹس سے مس نہیں ہوتے دوسری جانب مسلم ممالک خواب غفلت میں ڈوبے امریکی غلامی میں سبقت لے جانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت مسلم ایٹمی قوت کے طور پر قائدانہ کردار ادا کرنے کیلئے آگے بڑھ کر سفارتی سطح پر دباؤ ڈال کر بیت المقدس اور فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیلی جارحیت سے نجات دلانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑے۔ انہوں نے القدس کانفرنس کے ذریعہ کراچی سمیت ملک بھر کے تمام کاتب فکر کے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہوئے نماز جمعہ کے اجتماعات میں بیت المقدس اور فلسطینی بے گناہ نہتے شہریوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کروائیں اور عوام کو نہتے مسلمانوں پر ہونے والے تاریخ کے بدترین مظالم سے آگاہ کریں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ پاکستان پہل کرکے مسلم ممالک کو خواب غفلت سے بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حسب سابق جمعہ الوداع کو یوم القدس کے مناتے ہوئے نہتے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکی منہ بولی ناجائز اولاد اسرائیل اور یہود وہنود کے خلاف نفرت کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ مسلمان اپنے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قسم کی قربانی کیلئے ہروقت تیار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن