لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس نے صوبے کے تمام اضلاع میں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب، جمعتہ الوداع اور یوم القدس کی ریلیوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب، جمعتہ الوداع اور یوم القدس کی ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 30 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضاکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ صوبہ بھر میں آج جمعتہ الوداع کے 28019 اجتماعات اور یوم القدس کی مناسبت سے 108 ریلیاں منعقد ہوں گی جن کی سکیورٹی کے فرائض پولیس ٹیمیں ہائی الرٹ ہوکر سر انجام دیں گی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتا یا کہ لاہور میں جمعتہ الوداع کے 5057 اجتماعات جبکہ یوم القدس کی 3 ریلیاں منعقد ہوں گی جن کی سکیورٹی کیلئے 41 گزیٹیڈ افسران اور 5 ہزار سے زائد اہلکار اور قومی رضا کار تعینات کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ حساس مذہبی مقامات کے گردونواح میں ڈولفن، پیرو اور پٹرولنگ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور سکیورٹی انتظامات کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے۔ سپروائزری افسران خود فیلڈ میں نکل کر سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کریں جبکہ سیف سٹی اتھارٹی اور سنٹرل پولیس آفس سے حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایاجائے۔