اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) ملک میں جاری 7 ویں مردم شماری کی تاریخ میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ اب تک گنتی کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی 24 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مردم شماری میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ فیصلہ ہوا ہے کہ مردم شماری کا عمل تیز کیا جائے گا۔ ہر پاکستانی سے درخواست ہے کہ مردم شمای کیلئے رابطہ کرے۔ وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے آبادی کا صحیح گننا ضروری ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اب تک 23 کروڑ 74 لاکھ 48 ہزار 241 افراد کو شمار کیا گیا۔ پنجاب کی آبادی 11 کروڑ 64 لاکھ 42 ہزار 499 ہے۔ سندھ کی 5 کروڑ 41 لاکھ 38 ہزار 485 ہے۔ خیبر پی کے میں 3 کروڑ 93 لاکھ 15 ہزار 878 افراد شمار کئے گئے۔ بلوچستان میں ایک کروڑ 97 لاکھ 13 ہزار 893 افراد شمار کئے گئے۔ سیاسی رہنما¶ں نے مردم شماری کے ڈیجیٹل سسٹم پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ ڈائریکٹر ادارہ شماریات سندھ منور گھانگرو نے میڈیا کو بتایا کہ نئے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی میں 11 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی ڈویژن کی اب تک کی آبادی ایک کروڑ 71 لاکھ 51 ہزار 798 افراد پر مشتمل ہے۔ منور گھانگرو کے مطابق حیدرآباد ڈویژن میں ایک کروڑ 18 لاکھ 71 ہزار 610، لاڑکانہ ڈویژن میں 78 لاکھ 86 ہزار 660 اور سکھر میں 61 لاکھ 82 ہزار 973 افراد گنے جاچکے ہیں۔ منور گھانگرو کے مطابق شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں 59 لاکھ 48 ہزار 97 افراد گنے گئے ہیں جبکہ میر پور خاص ڈویژن میں 49 لاکھ 34 ہزار 985 افراد کو شمار کیا جاچکا ہے۔ اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق سندھ کی مجموعی آبادی 5 کروڑ 39 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔
مردم شماری آبادی