آئی پی پیز کو گیس فراہمی بند ، نئی آئل ریفائنری لگے گی : مصدق ملک 

Apr 29, 2023


اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے گیس لے کر مہنگی بجلی گرڈ کو فروخت کرنے والوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے اور10 سے 14 ارب ڈالر سے نئی آئل ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ایل پی جی ، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کے لیے پالیسی بنائی گئی ہے، فیکٹریوں کی گیس بند نہیں کی گئی۔ سابق حکومت نے روس سے تیل درآمد کرنے کا صرف ڈھنڈورا پیٹا۔ موجودہ حکومت نے روس سے تیل کے حصول کو ممکن بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی اجلاس کے فیصلوں سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ امیروں سے سستی گیس واپس لے کر عوام کو فراہم کی جائے گی۔ شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی کہا تھا کہ ہمیں قومی ترقی کے لئے توانائی کا انتظام کرنا ہو گا جس پر ہم پہلے دن سے عمل پیرا ہیں اور اب بہتر نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہمیں 4 سے 5 فیصد ترقی کے لئے 8 سے 9 فیصد توانائی کی ضرورت ہے جس کے لئے موجودہ حکومت کام کر رہی ہے۔ جلد ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ معاشی ترقی کے سفر کیلئے توانائی کی فراہمی ضروری ہے۔ وزیراعظم نے 10سے 14ارب ڈالر کی ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا ہے جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کیلئے پالیسی بنائی گئی ہے، اس فیصلے سے عوام کو سہولت فراہم ہو گی ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ آج کچھ لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کر دیا گیا ہے، ہمیں توانائی کے ذرائع کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال میں لانا ہو گا۔پاکستان میں ریفائنری لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بجلی بنانے والے کارخانوں سے گیس واپس لے لی گئی ہے گیس استعمال کرکے مہنگی بجلی بیچنے والوں سے گیس لے لی گئی ہے۔ پچاس ملین کیوبک فٹ گیس غریب گھرانوں کو فراہم کی جائے گی وزیر مملکت نے آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کیا۔
مصدق ملک 
 

مزیدخبریں