پولیس کے2 شہداءکی فیملیزکے گھروں کی خریداری کیلئے ساڑھے تین کروڑروپے منظور

Apr 29, 2023


لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس شہداءکے لواحقین اوردوران ڈیوٹی مختلف واقعات میں زخمی ہونےوالے غازیوں کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں، آئی جی پنجاب نے 2 شہداءکی فیملیزکے نئے گھروں کی خریداری کیلئے ساڑھے تین کروڑ جاری کرنے کی منظوری دےدی ہے۔ نارووال پولیس کے شہید سب انسپکٹر محمد سلیمان اور قصور پولیس کے اے ایس آئی محمد اکبر کے شہید کے لواحقین کو نئے گھر دئیے جائیں گے۔ آر پی او گوجرانوالہ اور آر پی او شیخوپورہ نے ڈیپارٹمنٹل سکرونٹی کمیٹی کی جانب سے شہداءکے گھروں کی خریداری کیلئے فنانس برانچ میں سمری بھجوائی تھی جس پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر برانچ کی زیر نگرانی ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اور ڈی آئی جی ویلفیئر پر مشتمل سنٹرل پولیس آفس پنجاب کی مرکزی کمیٹی نے دونوں کیسز کا بغور جائزہ لیا اور اپنی سفارشات آئی جی پنجاب کو پیش کیں جس کی روشنی میں دونوں شہداءکی فیملیز کیلئے نئے گھر خریدنے کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا کی زیر نگرانی کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب پولیس کے 10غازیوں کی طبی علاج و مالی امداد کیلئے50لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دےدی ۔ مذکورہ رقم خانیوال، ڈی جی خان، وہاڑی، گجرات اور فیصل آباد پولیس کے غازیوں کومیڈیکل اخراجات کیلئے دی جائےگی جو گذشتہ چند برسوں کے دوران پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مختلف واقعات میں زخمی ہوئے تھے۔ خانیوال کے زخمی کانسٹیبل محمد اقبال کو 10لاکھ، ڈی جی خان کے کانسٹیبل سبطین عابدکو اڑھائی لاکھ اورڈرائیور کانسٹیبل محمد تنویر کو 3لاکھ، وہاڑی کے سب انسپکٹر جاوید اقبال کو 8لاکھ50ہزار،سب انسپکٹرعدنان جمیل،ٹی ایس آئی محمد طاہر،اے ایس آئی محمد اقبال،اے ایس آئی عبدالرحمان اورایلیٹ کے کانسٹیبل خرم شہزاد کو فی کس ایک لاکھ، گجرات پولیس کے اے ایس آئی یاسر ندیم، کانسٹیبل حامد فاروق کو پانچ لاکھ فی کس، ڈرائیور کانسٹیبل عادل حسین کو اڑھائی لاکھ جبکہ فیصل آباد کے کانسٹیبلان مظہر حسین اور احسان رفیق کو پانچ لاکھ روپے فی کس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے شہداءکے لواحقین اور غازیوں کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جار ی رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ آرپی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز شہداءکی فیملیزاور غازیوں کی دیکھ بھال کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔ شہداءکے بچوں کی اعلی تعلیم اور غازیوں کے بہترین علاج اور بحالی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور شہداءکی فیملیز اور غازیوں کو ہر ممکن ریلیف اور معاونت فراہم کی جائے۔

مزیدخبریں