لاہور(سپیشل رپورٹر)سنٹر فار اکیڈمک انٹیگریٹی پاکستان، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن، یونیورسٹی آف وولونگونگ دبئی اور ریاض سیکنڈ ہیلتھ کلسٹر کے زیر اہتمام مصنوعی ذہانت کی اہمیت اور جدید تعلیمی چیلنجز کے موضوع پرویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے تعلیم کی دنیا میں مصنوعی ذہانت کے تناظر میں تعلیم کو درپیش جدید چیلنجز پر شرکا نے گفتگو کی۔ ویب نار میں چیئرپرسن پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے تحقیق وتالیف میں سرقہ بازی کے رحجان کوروکنے کا جدید میکنزم کی ضرور ت پر زور دیا اور کہا کہ ایجادات اور نئے علم کی تلاش کیلئے ایمانداری بنیاد ی شرط ہے۔ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ نے ہماری طرز زندگی میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت سے وابستہ چیلنجز سے نمٹنے کا یہی صحیح وقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاکر سرقہ بازی کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کا غلط استعمال اداروں اور افراد کی ساکھ کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ تعلیم وتحقیق کے اعلی معیار کو قائم رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل دور میں تعلیم وتحقیق جدید اسلوب میں ڈھالنا وقت کا تقاضا ہے۔ویب نار میں مختلف سکالرز نے اپنے مقالات پیش کیے۔