لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوںپر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ آج پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دن ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ فخر زمان اور امام الحق نے پہلے ون ڈے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔یہ ٹیم کی کاوش تھی ۔فاسٹ باﺅلرز کو بھی کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے آخر میں رنز کو روکے رکھا۔کھلاڑیوں کی جانب سے پلان پر عمل کرنے پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔ نسیم شاہ نے جس طرح باﺅلنگ کی اور حریف ٹیم دباﺅڈالا‘پھر نے سپنرز نے اپنا کردار اداکیا۔فخر زمان اور امام الحق نے جس طرح اننگز کھیلی اور بعد میں فخرکےساتھ میں نے جس طرح پارٹنر شپ بنائی بہت زبر دست تھی ۔ کوشش کرتے ہیں کہ بہتر سے بہتر پرفارم کریں۔مومینٹم کو برقرار رکھتے ہوئے دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ ہدف اچھا بنالیا تھا ‘پوزیشن کے لحاظ سے اچھے تھے ‘ڈیرل مچل نے شاندار اننگز کھیلی۔ نئے لڑکوں کیلئے پچ سخت ہوتی جارہی تھی ‘لیکن جس طرح پاکستان نے کھیلا بہت شاندا ر تھا۔ ہم میچ میں کوئی راستہ نہیں بناسکے۔ آخر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستان کو دو بڑی پارٹنر شپس اوپر لے گئیں یہی فرق ثابت ہوا۔ آغاز میں مشکل تھا مگر ہم مزید وکٹیں بھی گرا سکتے تھے ۔ دوسرے میچ میں کم بیک کرنے کی کوشش کرینگے ۔ غلطیوں پر قابوپانے کی کوشش کرینگے ۔ قومی بیٹر فخر زمان نے کہا کہ پہلے ون ڈے کی بیٹنگ سے اعتماد ملا ہے۔ ایک روزہ فارمیٹ میں تجربہ بھی ہے اور پرفارمنس بھی ہورہی ہے۔ امام الحق کےساتھ بیٹنگ کرکے اعتماد ملتا ہے، امام کی پرفارمنس میں گزشتہ کچھ عرصے میں مزید نکھار آیا ہے۔ امید ہے امام الحق مستقبل میں پاکستان کےلئے مزید پرفارمنس دیتے رہیں گے۔ میں پاکستان کےلئے کسی بھی بیٹنگ پوزیشن پر کھیلنے کےلئے تیار ہوتا ہوں۔ جب سے کرکٹ شروع کی بطور اوپنر کھیلتا آرہا ہوں، میری پسندیدہ پوزیشن اوپننگ ہے۔ محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹونٹی میں پرفارمنس دےکر پاکستان کو میچز جیتوا رہے ہیں، جبکہ صائم ایوب نے فٹنس اور پرفارمنس کا خیال رکھا تو لمبا کھیلیں گے۔ میں نوجوان کھلاڑیوں کےساتھ اپنا تجربہ شیئر کرتا ہوں۔ پاکستان کا ایک روزہ فارمیٹ میں کمبی نیشن بہترین بنا ہوا ہے۔ ورلڈ کپ تک کم میچز ہونے سے ٹیم کی تیاریوں پر کوئی فرق نہیں پڑےگا۔
جیت کا مومینٹم برقرار رکھیں گے : بابر اعظم ، کم بیک کریں گے : ٹام لیتھم
Apr 29, 2023