خوبصورت فن پاروں نے شائقین کے دل موہ لیے

ستارہ امتیاز پانے والے پاکستانی مصور عمران قریشی کے فن پاروں کی پیرس میں نمائش
 تقریب میں سفیر پاکستان عاصم افتخار، معروف فرانسیسی اداکارہ آریل دوم باس و دیگر نے شرکت کی

سفیر پاکستان نے عمران قریشیکی دلکش تخلیقات کو سراہا،یہ فن اور ثقافت میں پاکستان کی صلاحیتوں کا ایک بڑا ثبوت ہے

فنون لطیفہ کی دلدادہ فرانسیسی عوام جوق در جوق پاکستانی آرٹسٹ کے فن پارے دیکھنے آئی

 فن پاروں میں قدیم اور جدید آرٹ کا امتزاج نظر آتا ہے،سیاسی اور سماجی مکالمہ ان کے کام کا اہم جز ہے

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) فرانس ادب و آرٹ کی سرزمین ہے ، پیرس میں ہزاروں آرٹ گیلریاں ہیں جہاں دنیا بھر کے آرٹسٹ اپنے جوہر و فن پاروں کی نمائش کرتے ہیں۔ فرانسیسی شہریوں کے علاوہ یورپ و دنیا بھر سے کروڑوں لوگ سارا سال ان آرٹ گیلریوں کا وزٹ کرتے اور فنکاروں کے بنائے گئے فن پاروں کو دیکھتے ہیں اور ان کے ہْنر کو سراہتے ہیں۔ 
دارالحکومت  پیرس کے مرکز میں معروف ایوارڈ یافتہ پاکستانی آرٹسٹ عمران قریشی کے فن پاروں کی نمائش شروع ہو گئی جوکہ تین جون تک جاری رہے گی۔ نامور پاکستانی فنکار عمران قریشی کے فن پاروں کے منی ایچر کے مجموعے کی پیرس میں نمائش جاری ہے۔ سفیر عاصم افتخار احمد بھی مہمانوں میں شامل تھے۔ انہوں نے عمران کی دلکش تخلیقات کو سراہا جو کہ فن اور ثقافت میں پاکستان کی صلاحیتوں کا ایک بڑا ثبوت ہے۔
خوبصورت فن پاروں نے شائقین کے دل موہ لئے۔ فرانسیسی عوام جو کہ فنون لطیفہ کے دلدادہ ہیں جوق در جوق نمائش دیکھنے کیلئے آرہے ہیں،فرانس کی معروف فلم و ٹی وی آرٹسٹ آریل دوم باس نے بھی نمائش کا دورہ کیا۔  عمران قریشی کے فن پاروں میں قدیم اور جدید آرٹ کا امتزاج نظر آتا ہے جن کو پوری دنیا میں پذیرائی ملتی ہے۔عمران قریشی کے فن پاروں کی نمائش پاکستان سمیت نیویارک، امریکا، پیرس، دبئی اور دیگر ممالک میں بھی ہو چکی  ہے۔انہوں نے اپنی کام کی انفرادیت کے باعث پوری دنیا کی توجہ حاصل کی۔ سیاسی اور سماجی مکالمہ ان کے کام اہم جز ہے۔
ستارہ امتیاز پانے والے عمران قریشی اپنے فن سے پوری دنیا میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرتے ہیں اور انہیں مختلف ممالک کی طرف سے اعزازت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
عمران قریشی دو عشروں  سے بین الاقوامی سطح پر اپنے خوبصورت فن پاروں کی نمائش کر رہے ہیں۔اس موقع پر سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد ، آرٹسٹ عمران قریشی اور دیگر مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ مغرب کے لوگوں کو پاکستان سے متعلق صرف وہ پتہ چلتا ہے کہ جو ان کا میڈیا انہیں ہمارے بارے میں بتا رہا ہو، جو اکثر یکطرفہ بات ہوتی ہے، پاکستان کا دوسرا اور خوبصورت پہلو بھی ہے جسے دنیا بھر میں آرٹ کی شکل میں پیش کیا جارہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن