سٹاک مارکیٹ میں تیزی : سرمایہ 6289 ارب روپے ہوگیا 

Apr 29, 2023

کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے آخری روزکاروبار حصص میں اتارچڑھاﺅ کا سلسلہ جاری رہا تاہم انڈیکس مثبت زون میں ہی بند ہوا۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر327پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس 41800 پوائنٹس کی سطح کے قریب بھی پہنچا، تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں نے منافع کے حصول کیلئے ٹیلی کام، فوڈز، پراپرٹیز، پاور سیکٹر کے شیئرز کی فروخت شروع کردی جس سے مارکیٹ میں تیزی کی شدت کم ہوگئی لیکن بینکنگ اور دیگر مالیاتی اداروں نے مارکیٹ کو منفی زون میں جانے سے بچالیا۔ کاروبار میں تیزی کے باوجود کاروباری حجم گزشتہ جمعرات کے مقابلے میں58.53فیصد زائد رہا۔کاروبار میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں31 ارب52کروڑروپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کی ابتداءمثبت رہی جو اختتام تک جاری رہی۔ سرمایہ کاروں نے بینکنگ،ریفائنری،ٹیلی کام،پاورفوڈز،پراپرٹیز سمیت دیگر شعبوںمیں خریداری کی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کے اثرات اختتام تک برقرار رہے۔ایک موقع پر انڈیکس41790پوائنٹس تک بھی پہنچا لیکن بعد ازاں شیئرز کی فروخت سے انڈیکس ایک بار پھر41500کی سطح پر بند ہوا۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 116.94 پوائنٹس بڑھ کر41580.85پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس137.50پوائنٹس بڑھ کر 27428.44 پوائنٹس، 30 انڈیکس 8.38پوائنٹس اضافے سے15376.18پوائنٹس پر پہنچ گیا تاہم کے ایم آئی 30 انڈیکس 41.43پوائنٹس گھٹ کر 72354.37 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 31ارب 52کروڑ 47 لاکھ 11 ہزار 651 روپے بڑھ کر 62کھرب 89ارب89کروڑ 87لاکھ50ہزار921روپے ہو گیا۔ شیئرزمارکیٹ میں گزشتہ روز8ارب97کروڑ روپے سے زائد مالیت کے26کروڑ80لاکھ83ہزار264حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روز جمعرات کو6ارب24کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 16 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار 56 شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر337کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے165کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،154میں کمی اور18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے سینرجیکو پاک2کروڑ32لاکھ، پاک ریفائنری2کروڑ21لاکھ،سلک بینک2کروڑ 17لاکھ، ورلڈ کال ٹیلی کام 1 کروڑ 87لاکھ، ٹیلی کارڈ1کروڑ2لاکھ،یونائٹیڈ بینک81لاکھ،فوجی فوڈز79لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاﺅ کے اعتبار سے نمایاں اضافہ یونی لیور فوڈز اورمحمود ٹیکسٹائل کے شیئرز کے بھاﺅ میں رہا جن کے دام1300روپے اور 64.02 روپے بڑھ کر بالترتیب19300روپے اور924روپے پرپہنچ گئے جبکہ نمایاں کمی نیسلے پاکستان اورٹاﺅلرز لمٹیڈکے شیئرز کے بھاﺅ میں رہی جنکی قیمتیں59.65روپے اور15.49روپے کی کمی سے بالترتیب 5274.33روپے اور191.17 روپے پر آ گئیں۔

مزیدخبریں